اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کے آخری مکمل فعال اسپتال کو بھی تباہ کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 14th, April 2025 GMT
غزہ:
غزہ سٹی میں واقع ال اہلی عرب اسپتال جو کہ شہر کا آخری مکمل فعال اسپتال تھا، ایک اسرائیلی فضائی حملے میں تباہ ہو گیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملے میں اسپتال کے انسینٹیو کیئر اور سرجری ڈیپارٹمنٹس کو شدید نقصان پہنچا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد دو منزلہ عمارت سے بڑی مقدار میں شعلے اور دھواں اٹھ رہا تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد اسپتال میں موجود لوگ، جن میں کچھ مریض بھی شامل تھے جو ابھی بیڈ پر تھے، ان کے بھاگتے ہوئے مناظر ہماری آنکھوں میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اس حملے کا مقصد اسپتال میں موجود حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنانا تھا۔ تاہم، غزہ کی ایمرجنسی سروسز کے مطابق اس حملے میں کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کے علاقے دیر البلح میں اسرائیلی حملے میں 6 بھائیوں سمیت 37 افراد شہید ہو گئے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل کی جنگ میں اب تک کم از کم 50 ہزار 944 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ حکومت کے میڈیا دفتر نے شہادتوں کی تازہ ترین تعداد 61 ہزار 700 سے زائد بتائی ہے
غزہ کی وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ شہادتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے کیونکہ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور انہیں مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
حدیدہ بندرگاہ پر اسرائیل کا حملہ، یمنی ائیر ڈیفنس کا کامیاب دفاع
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے یمن پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فضائیہ نے یمن میں حدیدہ کی بندرگاہ پر حملہ کیا تاکہ حوثیوں کی بحری اور فضائی ناکہ بندی کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایک بار پھر یمنی بندرگاہ حدیدہ میں 12 اہداف پر بمباری کی ہے۔ المیادین کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے طیاروں نے حدیدہ پر 12 حملے کئے۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے کہا ہے کہ دشمن کے فضائی حملوں کو کامیابی سے ناکام بنا رہے ہیں، ہمارے فضائی دفاع نے دشمن کے طیاروں کو الجھا دیا اور کچھ جنگی طیاروں کو جارحیت کرنے سے پہلے ہی فضائی حدود چھوڑنے پر مجبور کر دیا اور اللہ کے فضل سے جارحیت روک دی گئی۔ حدیدہ کی بندرگاہ جس پر کچھ عرصہ قبل ہی اسرائیلی فضائیہ نے حملہ کیا تھا، اقوام متحدہ کی ٹیموں کی نگرانی اور استعمال میں ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے یمن پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فضائیہ نے یمن میں حدیدہ کی بندرگاہ پر حملہ کیا تاکہ حوثیوں کی بحری اور فضائی ناکہ بندی کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔ قبل ازیں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ اسرائیل آئندہ چند گھنٹوں میں یمن کی بندرگاہ حدیدہ پر حملہ کرے گا۔ عبری ذرائع کے مطابق یہ دھمکی تل ابیب کی ڈیٹرنس پالیسی کا ایک حصہ ہے، یعنی یمن اسرائیل کے لئے حقیقی خطرہ ہے۔