پاکستان اگلے ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا
اشاعت کی تاریخ: 26th, June 2025 GMT
نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں کی گئی اس ملاقات میں سفیر عاصم افتخار احمد نے سیکرٹری جنرل کو جولائی میں سلامتی کونسل کے مجوزہ پروگرام آف ورک سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت جولائی میں سنبھالے گا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں کی گئی اس ملاقات میں سفیر عاصم افتخار احمد نے سیکرٹری جنرل کو جولائی میں سلامتی کونسل کے مجوزہ پروگرام آف ورک سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ کہ پاکستان، سلامتی کونسل کی اپنی صدارت کو کھلے، شفاف اور مشاورتی انداز میں انجام دے گا۔ انتونیو گوتریس اور عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود اہم اور فوری نوعیت کے عالمی امن و سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس میں مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال، افریقہ، یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکا میں ہونے والی پیش رفت اور اقوام متحدہ کی امن مشنز کے ذریعے سلامتی کونسل کے مقاصد کے فروغ میں ان کے کردار پر بھی گفتگو شامل تھی۔ سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد و اصولوں کی پاسداری اور تنازعات کے پر امن حل کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے رکن ممالک کے درمیان مضبوط عزم موجود ہے۔ سفیر عاصم نے پیچیدہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کثیرالجہتی سفارتکاری اور تنازعات کی روک تھام سے متعلق سیکرٹری جنرل کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل
پڑھیں:
وزیراعظم اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نیویارک پہنچ گئے
وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نیو یارک پہنچ گئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اہم عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
وزیراعظم اس موقع پر منعقدہ کئی اعلیٰ سطحی تقریبات میں شرکت کریں گے، جن میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم اجلاس، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) کی اعلیٰ سطحی میٹنگ اور موسمیاتی کارروائی سے متعلق خصوصی اعلیٰ سطحی تقریب شامل ہیں۔
وزیر اعظم امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ منتخب اسلامی رہنماؤں کی ملاقات میں بھی شرکت کریں گے تاکہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
وزیراعظم اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
عالمی رہنماؤں کے اس سب سے بڑے سالانہ اجتماع میں وزیراعظم کی شرکت کثیرالجہتی اور اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کو ظاہر کرے گی اور امن اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے پاکستان کے دیرینہ تعاون کو اجاگر کرے گی۔