کراچی میں بارش کے دوران7افراد زندگی کی بازی ہار گئے
اشاعت کی تاریخ: 28th, June 2025 GMT
ہلاکتیں ٹریفک حادثات، کرنٹ لگنے، دیوار گرنے اور ندی میں ڈوبنے کے باعث ہوئیں
سپرہائی وے ،لانڈھی ،جناح کارڈیو ،سائٹ ایریا ،سرجانی، لیاری میں حادثات پیش آئے
شہر قائد میں مون سون کی پہلی بارش جہاں موسم کی خوشگواری کا پیغام لائی، وہیں مختلف حادثات و واقعات میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ہلاکتیں ٹریفک حادثات، کرنٹ لگنے، دیوار گرنے اور ندی میں ڈوبنے کے باعث ہوئیں۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ سپرہائی وے کلہاڑی چوک کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔لانڈھی شیرپائو کالونی میں کے الیکٹرک کی گاڑی ہوٹل میں بیٹھے افراد پر چڑھ گئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔جناح کارڈیو کے قریب تیز رفتار سوزوکی بے قابو ہو کر پلر سے ٹکرا گئی، جس کے باعث ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔اس کے علاوہ سائٹ ایریا لیبر اسکوائر میں ایک کمپنی میں کام کرنے والا 22 سالہ نوجوان، کامران، کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا جبکہ سرجانی ٹان خدا کی بستی میں بھی 21 سالہ احمد گھر میں کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق لیاری بکرا پیڑی پل کے قریب دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ لیاری ایکسپریس وے ٹول پلازہ کے قریب ایک شخص ندی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، جو گلشن اقبال سے سہراب گوٹھ جا رہا تھا۔ریسکیو حکام کے مطابق مون سون کی بارش کے ساتھ حادثات میں اضافے کا خدشہ رہتا ہے، لہذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: جاں بحق ہو کرنٹ لگنے کے قریب ایک شخص
پڑھیں:
لاہور میں 6 گھنٹے تک طوفانی بارش سے شہر پانی میں ڈوب گیا
فوٹو: آن لائنلاہور میں 6 گھنٹے تک طوفانی بارش سے شہر پانی میں ڈوب گیا، ڈی ايچ اے اور ہربنس پورہ انڈر پاس پانی سے بھر گئے، ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے۔
تاج پورہ اور ایئرپورٹ کے قریب علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، گاڑیاں ڈوب گئیں، موٹرسائيکلیں بند ہوگئیں، فیروز پور روڈ پر موٹرسائیکل پھسل کر کھمبے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق ہوگئے، چھت گرنے کے واقعات میں چار افراد زخمی ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث 99 فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
گوجرانوالا میں مسلسل تیسرے دن بھی بارش برسی، نکاسِ آب کے لیے لاہور سے مشینری طلب کرلی گئی، شکر گڑھ میں تیسرے روز بھی موسلادھار بارش ہوئی، نالہ بئیں اور بسنتر سے ملحقہ نشیبی دیہات میں پانی داخل ہوگیا۔
منڈی بہاء الدین میں بارش سے سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی دھان اور چارے کی فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب دریائے چناب میں نچلے سے درمیانے درجے کا ریلا گزرنے کا خطرہ ہے، تریموں بیراج پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی، سرگودھا میں طالب والا کے مقام پر اکتالیس دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔