بھارت کو واضح پیغام اجارہ داری قبول نہیں کریں گے: فیلڈ مارشل
اشاعت کی تاریخ: 28th, June 2025 GMT
اسلام آباد(خبرنگار خصوصی)فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سر پرست ہے، معرکہ حق میں پاکستان نے کشمیر لائن آف کنٹرول سے لے کر ساحل سمندر تک بھارت کی بلا جواز جارحیت کے خلاف بہترین جواب دیا۔اللہ نے معرکہ حق میں ہماری مدد کی کیونکہ ہم حق پر تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر سے 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسروں نے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ افواج پاکستان دور حاضر کے جنگی تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو ہمہ وقت تیار رکھتی ہیں، ہم بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان نے پہلے اس کی اجارہ داری قبول کی اور نہ آئندہ کبھی کرے گا۔ دہشت گردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے جو اس کے اپنی اقلیتوں اور بالخصوص مسلمانوں سے متعصبانہ اور ظالمانہ رویوں کا نتیجہ ہے ۔ بحیثیت قوم ہم پاکستانی کبھی بھی بھارت کے آگے جھکے ہیں نا جھکیں گے۔افغانستان ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے اور ہم اس سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، تاہم ہم ان سے ایک ہی تقاضا کرتے ہیں کے وہ بھارت کی دہشتگردانہ پراکسیوں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کو جگہ نہ دے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسروں کو ہدایت کی کہ اپنی انفرادی اور علاقائی پہچان سے بڑھ کر پاکستانیت کی پہچان کو اپنائیں، ہر نظام میں مسائل اور کمزوریاں ہوتی ہیں، آپ کا کام ہے کہ کمزوریوں اور منفی قوتوں کو نظام پر حاوی نہ ہونے دیں۔ جو اقوام اپنی تاریخ کو بھول جاتی ہیں انکا مستقبل بھی تاریک ہو جا تا ہے، پاکستان کی کہانی اور تاریخ کو جانیے اور اپنی اگلی نسلوں تک پہنچائیں، ملک سے محبت اور وفاداری اولین اور بنیادی شرط ہے، اپنے اندر جرات، قابلیت اور کردار پیدا کریں، اگر ان میں سے ایک جزو کو چننا ہو تو ہمیشہ کردار کو فوقیت دیجیے گا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سول بیوروکریسی کار یاستی نظم و نسق میں کلیدی کردار ہے، نوجوان افسر دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کو شعار بنائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ پر زور دیا اور قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔ 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسروں نے کشمیر، خیبر پی کے، بلوچستان میں پاک فوج کی کارروائیوں کا مشاہدہ کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: فیلڈ مارشل عاصم منیر
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔