چین کی تاریخی پریڈ اور ایس سی او اجلاس، مغرب دنیا کی نیندیں حرام ہوگئیں
اشاعت کی تاریخ: 4th, September 2025 GMT
بیجنگ: فن لینڈ کے صدر ایلکس اسٹب نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کو مغربی اتحاد کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین میں ہونے والا یہ اجتماع مغرب کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔
اپنے بیان میں فن لینڈ کے صدر نے امریکا اور یورپ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مغربی ممالک نے جنوبی دنیا کے ساتھ زیادہ عزت دار اور پُروقار تعلقات نہ اپنائے تو وہ یہ عالمی مقابلہ ہار سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ چین میں 31 اگست سے شروع ہونے والی دو روزہ ایس سی او کانفرنس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ترک صدر رجب طیب اردوان، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت 20 ممالک کے رہنما شریک ہوئے۔
ایس سی او کانفرنس کے فوراً بعد چین نے جاپان پر فتح کی یاد میں تیانمن اسکوائر پر ایک تاریخی پریڈ کا انعقاد کیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، صدر پیوٹن، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان اور ایرانی صدر سمیت کئی سربراہان نے شرکت کی۔ پریڈ میں 45 فارمیشنز کے دستوں نے مارچ کیا اور جدید ہتھیاروں کی شاندار نمائش کی گئی۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایس سی او
پڑھیں:
اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت بین الوزارتی اجلاس، بیرونِ ملک مشنز کی کارکردگی کا جائزہ
اسلام آباد:وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت بین الوزارتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں بیرونِ ملک مشنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزارتِ خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا بین الوزارتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت کی کارکردگی، بالخصوص بیرونِ ملک پاکستان مشنز کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی کی جانب سے رپورٹ بھی پیش کی گئی جب کہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے پاکستان کے سفارتی اثر و رسوخ کو مزید مضبوط بنانے، مشنز کی کارکردگی کو قومی اسٹریٹجک اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرنے اور بیرونِ ملک ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر ہم آہنگی و تعاون کے ذریعے مزید موثر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ پیٹرولیم، وزیرِ مملکت برائے ریلوے، قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکرٹری کابینہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، تجارت، داخلہ، انسانی وسائل و ترقی، اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹریز سمیت وزارتِ خزانہ، اطلاعات اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔