اقوام متحدہ کی گلیاں اسرائیل مخالف نعروں سے گونج اٹھیں، مظاہرین کا نیتن یاہو کو گرفتار کرنے کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 26th, September 2025 GMT
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر ہزاروں افراد نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرین نے انہیں ”غزہ کا قصائی“ قرار دیتے ہوئے ان کی آمد کو مسترد کیا اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی ریلی کے شرکاء نے بلند آواز میں نعرے لگائے، جن میں شامل تھا ”نیتن یاہو خوش آمدید نہیں“، ”نیتن یاہو دہشتگرد ہے“، ”غزہ پر حملے بند کرو“، ”فلسطین آزاد ہو“۔
مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ نیتن یاہو کو غزہ میں جنگی جرائم اور معصوم فلسطینیوں کے قتل عام پر انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ کئی بینرز اور پلے کارڈز پر نیتن یاہو کو ”وار کریمنل“ اور ”ٹیررسٹ“ لکھا گیا تھا۔
احتجاج کے دوران یو این جنرل اسمبلی کے اطراف کی سڑکیں اسرائیل مخالف نعروں سے گونجتی رہیں، اور مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔
یہ احتجاج اس وقت سامنے آیا ہے جب نیتن یاہو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے لیے نیویارک پہنچے، جہاں کئی ممالک پہلے ہی ان کی تقریر کا بائیکاٹ کر چکے ہیں۔
بین الاقوامی تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ مظاہرے اسرائیل کی غزہ میں جاری فوجی کارروائیوں کے خلاف عالمی غم و غصے کی عکاسی کر رہے ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: نیتن یاہو
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کرلیا. گرفتار شدگان میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے. سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد وں کو جہنم واصل کر دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا. گرفتار دہشت گردوں میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کاروائی میں دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں. کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔آپریشن کے دوران علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے. حالیہ دنوں میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں دہشتگردوں کی مذموم کاروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کر دیے گئے ہیں۔