پاک بحریہ کملاگ کمانڈ کی سالانہ ایفیشنسی ایوارڈ کی تقریب
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کملاگ کمانڈ کی سالانہ ایفیشنسی ایوارڈ کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وائس چیف آف دی نیول سٹاف نے اس بات پر زور دیا کہ انتھک محنت، مضبوط عزم اور غیر متزلزل جذبہ پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے انعامات حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور اسی طرح محنت اور لگن سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں ریئر ایڈمرل محمد سہیل ارشد نے سال کے دوران کملاگ کمانڈ کی آپریشنل کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کملاگ کمانڈ نے چیلنجز کے باوجود کامیابی سے اپنے تمام اہداف حاصل کیے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سندھ میں محنت کشوں کیلیے کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز
کراچی:سندھ میں محنت کشوں کے لیے کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
کم از کم اجرت بورڈ کے سیکرٹری کی جانب سے گزٹ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق نیم ہنر مند افراد کے لیے 41,280 اور ہنر مندوں کے لیے 48,910 کم از کم اجرت مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ نوٹی فکیشن میں اعلیٰ ہنر مند محنت کشوں کے لیے 50,868 روپے ماہانہ کم از کم اجرت مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ کم از کم اجرت میں اضافہ سندھ منیمم ویجز ایکٹ 2015ء کے تحت کیا گیا ہے۔
مجوزہ نوٹی فکیشن پر اعتراضات یا تجاویز 14 دن کے اندر سیکرٹری کم از کم اجرت بورڈسندھ کو ارسال کی جا سکتی ہیں۔
اس حوالے سے سیکرٹری رفیق قریشی نے کہا کہ کم از کم اجرت میں اضافہ یکم جولائی 2025ء سے نافذ العمل ہوگا۔ مزدوروں کی اجرت میں 8.1 فیصد اضافہ تجویز کیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر کم از کم 192 روپے فی گھنٹہ ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ اجرتیں تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ اداروں پر یکساں لاگو ہوں گی۔
وزیر محنت شاہد تھہیم کے مطابق خواتین ورکرز کو بھی مردوں کے برابر تنخواہ دی جائے گی۔ کم از کم اجرت کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی۔ محنت کشوں کو تحفظ، وقار اور بہتر زندگی دینا چاہتے ہیں۔ محنت کشوں کا پسینہ کسی بھی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مزدور دوست ہے، ان کے حقوق کاتحفظ یقینی بنایا جائے گا۔