یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلیے قرض کی شرح بڑھانے کی ہدایت،شہباز شریف
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2025 GMT
اسلام آباد :وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم کو 5 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
زرائع کے مطابق چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری امور پر جائزہ اجلاس وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی صدارت میں آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے کاروبار کو سہولیات کی فراہمی کیلیے ان کا تفصیلی سروے کرکے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو دی جانے والی سہولیات کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلیے ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز کا اطلاق یقینی بنایا جائے اور چھوٹے پیمانے کے کاروبار میں خواتین انٹرپرینیورز کیلیے خصوصی پیکیج تشکیل دے کر جلد پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں۔ پاکستان کی افرادی قوت کو کاروبار کی ترغیب دینے کیلیے حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولت دینے کیلیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے حکومتی وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں اور خواتین انٹرپرینیورز کو اس قدر بااختیار بنانے کیلیے کوشاں ہے کہ وہ نہ صرف خود روزگار کمائیں بلکہ روزگار کے مزید مواقع پیدا کریں۔
اجلاس میں وزیرِاعظم کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایس ایم ایز کی ترقی و سہولت کیلیے حکومتی اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے بعد ایس ایم ایز کیلیے قرض کے فارم کو مزید آسان اور سادہ کردیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ایس ایم ایز اپنے کاروبار کی بہتری کیلیے قرض کی سہولت سے مستفید ہوسکیں۔
مزید برآں ایس ایم ایز کی درجہ بندی اس حوالے سے کی جارہی ہے کہ تمام چھوٹے اور متوسط پیمانے کے کاروبار حکومتی معاونت و سہولیات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں اور انہیں بروقت و آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی ہو۔
.ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: ایس ایم ایز کے کاروبار چھوٹے اور کی ہدایت
پڑھیں:
آزادی صحافت کا تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم: وزیراعظم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کے خلاف جرائم کے معاملات میں مؤثر تفتیش، انصاف اور قانونی کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ جب کہ ہم آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے پْرعزم ہیں۔ صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جاری بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔ میں اس موقع پر اْن تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے حق و سچ کی خاطر مشکلات برداشت کیں، اور اْن اہلِ قلم و میڈیا ورکرز کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو فرضِ منصبی کے دوران کھو دیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیپینڈنٹ گروپ اور اس کے سربراہ احسن بھون کو اسلام آباد بار کونسل اور پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں واضح برتری پر مبارک باد دیتے ہوئے جیتنے والے تمام وکلاء کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وکلاء کا جمہوریت کی مضبوطی میں اہم کردار ہے۔ یقین ہے کہ نو منتخب نمائندے دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور معاشرے کے لئے ذمہ داری کے گہرے احساس کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ مجھے امید ہے آپ عدلیہ اور قانون کی سر بلندی کے لیے بھی اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے، وزیرِ قانون وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کارکردگی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ گرین شرٹس نے بہت عمدہ کھیل پیش کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کامیابی پر پوری ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی بہترین کاوشوں کو بھی سراہا۔