پاکستان میں 29 سال بعد چیمپئنز ٹرافی کا میلہ سج گیا، افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2025 GMT
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ مدمقابل آئیں گے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز آج سے پاکستان میں ہو رہا ہے، پاکستان کا آئی سی سی ٹورنامنٹ کی میزبانی کا خواب 29 سال کے طویل انتظار کے بعد آج حقیقت میں بدلنے جا رہا ہے۔
پاکستان نے 1996 کے بعد پہلی بار آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کے لئے ایک طویل سفر طے کیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 8 بہترین ٹیمیں چیمپئن بننے کا خواب لیے ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی، ان ٹیموں میں میزبان پاکستان، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، بھارت، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی ہونگے، پاکستان ائیر فورس کی جانب سے شیر دل شو کا شاندار فضائی مظاہرہ کیا جائے گا۔
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کا ہائی وولٹیج ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کو جانے والے راستوں کو چیمپیئنز ٹرافی کی برانڈنگ سے آراستہ کیا گیا ہے اور اسٹیڈیم کو سبز اور نیلے رنگوں سے سجایا گیا ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا کہ 29 سال بعد آئی سی سی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد باعث افتخار ہے، تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سےخوش آمدید کہتے ہیں، ایونٹ کا شاندار انعقاد یقینی بنا کر پاکستان کی عزت بڑھائیں گے، چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پرامن اور محفوظ پاکستان کی جیت ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: چیمپئنز ٹرافی
پڑھیں:
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان نے جنوبی افریقا کو 31 رنز سے شکست دے دی
انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقا چیمپئنز کو 31 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان چیمپئنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے اور جیت کے لیے 199 رنز کا ہدف دیا۔ عمر امین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 رنز کی نصف سنچری اسکور کی جبکہ شعیب ملک 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر بیٹسمینوں میں شرجیل خان نے 19، کامران اکمل نے 17، محمد حفیظ نے 8 اور آصف علی نے 11 گیندوں پر 23 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا چیمپئنز کی جانب سے اولیور نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ وین پارنیل اور جے پی ڈومینی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا چیمپئنز کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز ہی بنا سکی۔ مورے وین وک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 20 گیندوں پر 44 رنز بنائے، تاہم ان کی اننگز ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔ ہاشم آملہ 12، جے پی ڈومینی 11 اور وین پارنیل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ میں بھی شاندار کارکردگی دیکھنے میں آئی۔ کپتان محمد حفیظ اور سہیل تنویر نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جبکہ رومان رئیس، عماد وسیم، سہیل خان، شعیب ملک اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان چیمپئنز نے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے اور شائقین کو ایک یادگار مقابلہ دیکھنے کو ملا۔