اکوڑہ دھماکہ اداروں کی ناکامی، افغانستان سے مذاکرات کرنا ہونگے: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک پہنچ کر جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق کی شہادت پر ان کے بھائی اور صاحبزادگان مولانا عثمان الحق، مولانا عبدالحق اور مولانا عرفان الحق سے اظہار تعزیت کیا اور خودکش دھماکہ میں شہید ہونے والے مولانا حامد الحق اور دیگر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ جماعت اسلامی کے پی کی قیادت امیر صوبہ خیبر پختونخوا جنوبی پروفیسر محمد ابراہیم، امیر صوبہ وسطی عبدالواسع اور امیر صوبہ شمالی عنایت اللہ خان بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھی۔ انہوں نے ادارہ میں خودکش دھماکہ کو وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سکیورٹی اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے اس کی فوری تحقیقات اور مجرموں اور منصوبہ سازوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں کو فی الفور امن کے لیے بامعنی مذاکرات کرنا ہوں گے، دونوں ممالک کی آپسی لڑائی سے دونوں ممالک کے عوام کا نقصان اور دشمنوں کا فائدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین کسی صورت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پاکستان پر الزام تراشی بھارتی ناکامی و شکست ہے، مولانا امین انصاری
ایک بیان میں رہنما متحدہ علماء محاذ کا کہنا تھا کہ بھارتی آبی جارحیت کیخلاف پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے، پاکستان کی امن و سلامتی،حفاظت و دفاع کیلئے پوری قوم سیاسی و مذہبی قوتیں بلاامتیاز رنگ و مسلک بھارتی جارحیت کے خلاف متحد و بیدار ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ اور دفاع افواج پاکستان فورم کے بانی سربراہ مولانا محمد امین انصاری نے کہا ہے کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر اور پورے ہندوستان میں مسلمان و سکھ اقلیتوں پر انسانیت سوز وحشیانہ مظالم کو چھپانے اور جذبہ حریت کو دبانے کیلئے ہمیشہ عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام سازشیں کرتی رہی ہے، پہلگام دہشت گردی کی پاکستان پر الزام تراشی بھارتی ناکامی و شکست ہے۔ ایک بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی آبی جارحیت کیخلاف پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے، پاکستان کی امن و سلامتی،حفاظت و دفاع کیلئے پوری قوم سیاسی و مذہبی قوتیں بلاامتیاز رنگ و مسلک بھارتی جارحیت کے خلاف متحد و بیدار ہیں، عالمی ادارے سندھ طاس معاہدہ کی واضح یکطرفہ شیطانی خلاف ورزی کے خلاف ایکشن لیں تاکہ خطے میں امن کی فضاء برقرار رہے۔