9 مئی مقدمات، عمران خان کی تمام مقدمات کے ایک ساتھ ٹرائل کی استدعا مسترد
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
ملزمان میں 9 مئی کے مقدمات سے متعلق چالان کی نقول تقسیم، سماعت 12 اپریل تک ملتوی
جی ایچ کیو گیٹ 4 پر حملے کے کیس کا بھی چالان عدالت میں پیش ، 9مئی کے 13مقدمات کی سماعت
سانحہ 9 مئی سے متعلق مقدمات میں عمران خان کی تمام کیسز کے ایک ساتھ ایک فرد کے ساتھ ٹرائل کی استدعا عدالت نے مسترد کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 9 مئی کے 13 مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں سرکاری پراسیکیوٹرز اور ملزمان کے وکلا عدالت پہنچے ۔ دورانِ سماعت عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے تمام کیسز ایک فرد کے ساتھ اکٹھے ٹرائل کی استدعا مسترد کردی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سب ایک الزام،ایک جیسے کیسز ہیں، سب ایک ساتھ ٹرائل کیے جائیں۔ جس پر سرکاری پراسیکیوٹرز نے درخواست کی مخالفت کی اور بتایا کہ ہر کیس الگ تھانے کا ہے ۔عدالت نے سانحہ 9 مئی کے تمام کیسز ایک ساتھ ٹرائل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 9 اپریل اور 9 مئی کے دیگر 13 کیسز کی سماعت 12 اپریل تک ملتوی کردی۔عدالت میں سماعت کے موقع پر مقدمات کے چالان کی نقول ملزمان میں تقسیم کی گئیں، جن میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی شامل تھے ۔ اس موقع پر سانحہ 9 مئی کے تمام 13 مقدمات کے چالان عدالت میں بھی پیش کردیے گئے۔ علاوہ ازیں جی ایچ کیو گیٹ 4 پر حملے کے کیس کا بھی چالان عدالت میں پیش کیا گیا۔ اسی طرح میٹرو بس اسٹیشن مری روڈ نذر آتش اور صدر میں حساس ادارہ کی بلڈنگ جلانے کے علاوہ آرمی میوزیم حملہ کیس کا چالان بھی پیش کیا گیا۔بعد ازاں شیخ رشید سمیت دیگر ملزمان عدالت سے روانہ ہو گئے ۔ شیخ رشید نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے حالات بہتر نظر نہیں آرہے ۔ ہر طرف اندھیرا ہے ، مجھے اندھیرا ہی اندھیرا نظر آرہا ہے ۔ میرا عمرے کا سفر بہترین رہا۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
دودھ کی قیمت مقرر کرنے کا کیس: سندھ حکومت کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر عدالت برہم
کراچی:سندھ ہائیکورٹ نے کمشنر کراچی کی جانب سے دودھ کی قیمتیں مقرر کرنے کیخلاف درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر لیاری ودیگر کو ذاتی حیثیت سے طلب کرلیا۔
ہائیکورٹ میں کمشنر کراچی کی جانب سے دودھ کی قیمتیں مقرر کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ دودھ کی قیمتوں کو ریٹیلرز اور دودھ منڈی مالکان نے چیلنج کر رکھا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کمشنر کراچی کی جانب سے دودھ کی قیمت مقرر کرتے وقت ڈیری فارمرز کو نہیں سنا جاتا۔ ڈیری فارمرز کا تعلق روزانہ بنیاد پر دودھ کی فروخت سے نہیں ہے۔ دودھ کی قیمت ڈیمانڈ ایند سپلائی کے مطابق مقرر کی جائیں۔
سندھ حکومت کے وکیل کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر عدالت نے اظہارِ برہمی کیا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے سرکاری وکیل کو جھاڑ پلادی۔
جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ کن شواہد کی بنیاد پر ریٹیلرز اور ڈیری فارمرز کے خلاف چالان کیے جارہے ہیں؟، صرف اپنی کارکردگی دیکھانے کے لیے چالان پر چالان کاٹے جارہے ہیں؟ کسی کا ایک لاکھ تو کسی کا دو لاکھ روپے کا چالان کاٹا جارہا ہے۔
عدالت کو بتایا جائے ان کیخلاف کیا ثبوت ہیں زائد قیمتوں پر دودھ فروخت کررہے ہیں۔ عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر لیاری ودیگر کو ذاتی حیثیت سے طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہمیں معلوم ہے تحریری جواب کیا دیا جائیگا، آئیں اور عدالت میں وضاحت دیں۔ عدالت نے ڈیری فارمرز اور ریٹیلرز کی درخواستوں کو الگ کردیا۔