ڈومینیکن ریپبلک کے نائٹ کلب میں حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 221 تک پہنچ گئی
اشاعت کی تاریخ: 11th, April 2025 GMT
سانتو ڈومنگو: ڈومینیکن ریپبلک کے دارالحکومت میں واقع مشہور نائٹ کلب جیٹ سیٹ میں چھت گرنے سے کم از کم 221 افراد جاں بحق ہو گئے، یہ حادثہ ملک کی حالیہ تاریخ کا بدترین المیہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ منگل کی صبح پیش آیا جب کلب میں سینکڑوں افراد موجود تھے۔ معروف مرینگے گلوکار روبی پیریز اس وقت اسٹیج پر پرفارم کر رہے تھے جب اچانک چھت گر گئی، وہ بھی اس حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ٹیم کے سربراہ خوان مانوئل مینڈیز نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک 189 افراد کو زندہ نکالا گیا ہے جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ امدادی کارروائیاں دو دن تک جاری رہیں جن میں 300 سے زائد ریسکیو اہلکار، سونگھنے والے کتے، اور دیگر ممالک جیسے پورٹو ریکو اور اسرائیل کے فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔
اس واقعے میں دو سابق امریکی بیس بال کھلاڑی، اوٹاویو ڈوٹیل اور ٹونی بلانکو، اور ایک مقامی سیاستدان بھی جاں بحق ہوئے۔ سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ کلب اچانک اندھیرے میں ڈوب گیا اور پھر دھماکے کی آواز سنائی دی۔
صدر لوئس ابیناڈر نے ملک بھر میں تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا اعلان بھی کیا ہے۔
جیٹ سیٹ کلب سانتو ڈومنگو کی نائٹ لائف کا نصف صدی پرانا حصہ تھا۔ اب یہ مقام زلزلے کے بعد کی مانند ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ متاثرہ خاندان اسپتالوں اور مردہ خانوں کے چکر لگا رہے ہیں، کئی افراد کے پیاروں کی لاشیں ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہیں۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
آئی پی ایل میں معروف کمنٹیٹرز کو تنقیدی تجزیہ پیش کرنا مہنگا پڑ گیا
بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے رواں سیزن میں ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والے باقی میچز میں مشہور کمنٹیٹر ہارشا بھوگلے اور سائمن ڈول کو کمنٹری پینل سے ہٹا دیا۔
دونوں مبصروں نے پچ کیوریٹرز کےحوالے سے خیالات کا اظہار کیا تھا جن سے ناراض ہوتے ہوئے کرکٹ ایسوسی ایشن بنگال کے سیکریٹری نریش اوجھا نے تقریباً 10 روز قبل ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والے آئندہ میچز میں ہارشا بھوگلے اور سائمن ڈول کو کمنٹری پینل سے ہٹانے کی درخواست کی تھی۔
کرک بز سے گفتگو کرتے ہوئے سائمن ڈول کا کہنا تھا کہ اگر اجنکیا رہانے کی ٹیم (کولکتہ نائٹ رائڈرز) کو ایڈن گارڈنز کے کیوریٹرز کی جانب سے سپورٹ نہیں مل رہی تو ان کو نیا ہوم گراؤنڈ ڈھونڈنا چاہیئے۔
جبکہ ہارشا بھوگلے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کولکتہ نائٹ رائڈرز گھر پر کھیل رہی ہے تو ان کو وہ ٹریک ملنے چاہیئں جس کے متعلق ٹیم کا خیال ہے کہ ان کے بولرز کے لیے مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پیر کے روز کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور گجرات ٹائٹنز کے میچ کے دوران دونوں کمنٹیٹرز موجود نہیں تھے۔
ہارشا بھوگلے کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ انہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کسی بھی میچ کے لیے تعین نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم، اس بات کی تصدیق نہیں کی جاسکی کہ کمنٹری روسٹر ایسوسی ایشن کی باضابطہ شکایت کے بعد ترتیب دیا گیا یا پہلے۔