کراچی؛ کوچ کی ٹکر سے باپ بیٹا جاں بحق؛ 17 سالہ منصور والد کیساتھ امتحان دینے جا رہا تھا
اشاعت کی تاریخ: 9th, May 2025 GMT
کراچی:
فرسٹ ایئر کا طالب علم والد کے ساتھ امتحان دینے کے لیے کالج جاتے ہوئے تیز رفتار کوچ کی ٹکر لگنے سے والد سمیت جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق پاکستان بازارتھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن نمبر 15 ارم اسٹورکے قریب تیز رفتار کوچ کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوارباپ بیٹا شدید زخمی ہوگئے، جس پر زخمی باپ کو نجی اسپتال جب کہ زخمی بیٹے کو پہلے عباسی اور پھر جناح اسپتال منتقل کیا جا رہاتھا کہ دونوں باپ بیٹے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
بعدازاں دونوں باپ بیٹے کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئیں، جہاں جاں بحق ہونے والوں میں 37 سالہ عرفان ولد اکبرخان اوراس کا 17 سالہ بیٹا منصورعرفان شامل ہیں، جو منگھوپیرکےرہائشی تھے اور ان کا ٓبائی تعلق گلگت بلتستان سے تھا۔
متوفی منصورفرسٹ ایئرکا طالب علم تھا جب کہ متوفی عرفان اپنے بیٹے منصورکو امتحان دینے کے لیے کالج چھوڑنے جا رہا تھا کہ ٹریفک حادثے کا شکارہوگئے۔ متوفی عرفان 4 بچوں کا باپ اورمتوفی منصوربہن بھائیوں میں سب سے بڑاتھا۔
پولیس کے مطابق حادثہ تیزرفتارپرائیویٹ بڑی کوچ کی ٹکر کے باعث پیش آیا،جس کے بعد گاڑی موقع پر سے فرارہوگئی۔ پولیس حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ پرائیویٹ کوچ کا سراغ لگایا جاسکے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس طوری کے7 سالہ بیٹے ارتضیٰ عباس طوری کی نماز جنازہ ادا کردی گئی
فوٹو آئی ایس پی آر
لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس طوری کے 7 سال کے بیٹے ارتضیٰ عباس طوری کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس میں 2 مساجد بھی شہید ہوئیں۔
بھارت کے حملوں کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 26 پاکستانی شہید اور 46 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، بھارتی جارحیت میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل ظہیر کا 7 سالہ بیٹا ارتضیٰ عباس بھی شہید ہوا، جس کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ارتضیٰ عباس طوری آزاد کشمیر کے علاقے داورندی میں بھارتی جارحیت میں شہید ہوا، نماز جنازہ میں صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا بچوں، خواتین، بزرگوں، معصوم شہریوں کو ٹارگٹ کرنا غیر ذمہ دارانہ اور بزدلانہ عمل ہے، بھارت کی بلا اشتعال جارحیت غیر انسانی طرز عمل کی بدترین مثال ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات بھارتی حکومت کی جارحانہ اور تکبر پر مبنی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، بھارت کے ایسے اقدامات علاقائی و عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بہادر مسلح افواج ہر محاذ پر بھارتی جارحیت کا جرأت مندی سے مقابلہ کر رہی ہیں، بہادر مسلح افواج بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔
صدر، وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزیوں کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، اللّٰہ تعالیٰ بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔