علیمہ خان مقدمے کی سماعت کے دوران اپنی گرفتاری دینے پر تیار
اشاعت کی تاریخ: 9th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
عمران خان کی بہن علیمہ خان مقدمے کی سماعت کے دوران اپنی گرفتاری دینے پر تیار ہو گئیں۔
ای سی ایل سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا نام نکالنے کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس خادم حسین سومرو کے روبرو ہوئی، جس میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت تارڑ اور ایف آئی اے ڈپٹی ڈائریکٹر پیش ہوئے ۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کا نام ڈی آئی جی راولپنڈی پولیس کی سفارش پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا ۔ علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد راولپنڈی میں انسدادِ دہشتگردی کے تحت مقدمہ درج ہے۔
علیمہ خان کے وکیل رانا مدثر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ ہمیں نہیں بتایا گیا کہ نام ای سی ایل میں ہے۔ درخواست گزار سابق وزیر اعظم کی بہن ہیں۔ جناح ہاؤس کیس میں پولیس نے بیان دیا کہ یہ مطلوب نہیں ہیں۔ 4 دن بعد سوشل میڈیا پر 4 مقدمات کے حوالے سے خبر وائرل ہوئی۔ درخواست گزار کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی بہن ہیں۔
اس موقع پر علیمہ خان روسٹرم پر آ گئیں اور انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے لیٹر دیا ہے کہ میں اشتہاری ہوں۔ میں یہاں بیٹھتی ہوں، آپ ڈی آئی جی کو بلوائیں مجھے گرفتار کریں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کی لیگل ٹیم کھڑی ہے، جس پر علیمہ خان نے اصرار کیا کہ میں آپ کی کورٹ سے نہیں جاؤں گی جب تک ڈی آئی جی نہیں آتے۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا کہ اگر ڈی آئی جی اسلام آباد ہوتے تو میں بلا لیتا، یہ پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ علیمہ خان اسلام آباد کے کسی کیس میں مطلوب ہیں ؟
عدالت نے کہا کہ آپ درخواست گزار کو درست معلومات نہیں دے رہے۔ آپ نے پولیس کو پارٹی نہیں بنایا۔ اپنے کلائنٹ کو مکمل معلومات دیں ۔ ہم نے ایک ہفتے میں آپ کی ساری پٹیشن سنی ہے ۔
علیمہ خان نے کہا کہ ابھی صرف پنجاب پولیس نے مطلوب بنایا ہے۔ ہمیں کوئی جلدی نہیں ہے۔ میری ایک ذمے داری ہے جو ادا کرنی ہے۔ میں نے کہا ہے ڈی آئی جی کو بلائیں مجھے گرفتار کر لیں۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے نے ریمارکس دیے کہ 26 ویں ترمیم کے بعد جس چیز کی استدعا آپ نے درخواست میں نہیں کی ، وہ ہم نہیں کر سکتے۔ علیمہ خان نے کہا کہ ہم آپ کی آزادی کے لیے کھڑے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: درخواست گزار اسلام آباد علیمہ خان ڈی آئی جی نے کہا کہ کی بہن
پڑھیں:
ہم اپنی جانیں دے دیں گے لیکن عمران خان کے لیے لڑیں گے،علیمہ خان
علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہم اپنی جانیں دے دیں گے لیکن بانی پی ٹی آئی کے لیے ہم لڑیں گے، یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ سوچیں کہ ڈر جائیں گے، جیلوں میں ڈالنا ہے ڈال دو۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کو فکر ہے کہ ہم کہیں باہر کیسز لڑیں گے یا ان کا پیغام دیں گے، اگر آپ ڈرتے ہیں اور جیلوں میں ڈالیں گےتو ہم تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صبح کہا گیا کہ آپ عدالت جائیں گی توآپ کو گرفتار کر لیا جائے گا، پہلے یہ بتائیں کہ یہی کیس ہے نا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام دیا ہے، آپ اتنے خوفزدہ ہیں بانی پی ٹی سے کہ آپ اپنا خوف ہر حرکت سے ظاہر کر رہے ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ صرف پاکستان کے آگے نہیں باقی دنیا میں بھی آپ اپنا مذاق اڑا رہے ہیں لوگوں کوبھی نظر آرہا ہے، آپ گرفتار کریں اور پھر بتائیں کہ کس چیز کے لیے عمران خان کے ایک اور فیملی ممبر کو گرفتار کیا، یہ خود پھنسے ہوئے ہیں ہمیں جیل میں ڈالیں میری بہنیں بھی تیار ہیں وہ پیغام آپ کو دے دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ نہیں ہوں گی تو ہمارے بچے کھڑے ہو جائیں گے سارے جیل میں ڈال دیں، ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے یہ جنگ جاری رکھیں گے، جو جیلوں میں ہزاروں لوگ بیٹھے ہوئے ہیں ان کی فکر کر رہے ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ جنہوں نے جنگ لڑی ہے اورجیل کاٹ رہے ہیں جن کے گھر ٹوٹے ہیں ان کی فکر کریں، جنہوں نے اتنا ظلم سہا جن کی فیملیزغربت میں بیٹھی ہوئی ہیں ان کی فکرکریں، میڈیا کی ذمہ داری ہے انسانیت کیلئے جن لوگوں کو مرید کے، کشمیر، 9 مئی، یا 26 نومبر کو گولیاں لگی ہیں۔