عمران خان کی زندگی کو اڈیالہ جیل میں شدید خطرہ ہے، علی امین گنڈاپور کا دعویٰ
اشاعت کی تاریخ: 9th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی زندگی کو اڈیالہ میں شدید خطرہ ہے، ان کی رہائی کے لیے درخواست دائر کی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی امت مسلمہ کے لیڈر ہیں اور امید ہے ہمیں انصاف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے ہمیشہ درخواست کی ہے جو لوگ عدالتوں کا حکم نہیں مانتے ان کے خلاف ایکشن لیں، ملک میں کوئی قانون تو ہے ہی نہیں۔ ہم نے انصاف کے لیے جو دروازے ہیں وہ کھٹکھٹانے ہیں۔
علی امین نے کہا کہ قومی سلامتی اجلاس میں شرکت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ہی ممکن ہے، عمران خان ہمارے لیڈر ہیں ان سے ہدایت لینے کے لیے ہی اڈیالہ میں ملاقات کرنی ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ مودی کے مظالم پر بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے اور مودی کو بھی پتہ ہے عمران خان اڈیالہ جیل میں ہیں۔ مودی جیسے شیخص سے کچھ بھی توقع کی جا سکتی ہے۔
بعدازاں، وزیراعلیٰ کے پی نے بانی پی ٹی آئی کی پےرول پر رہائی کے لیے درخواست دائر کر دی۔ علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کروائی۔
علی امین گنڈا پور نے لطیف کھوسہ اور شہباز کھوسہ کے ذریعے درخواست دائر کی۔ درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی پے رول پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست کے مطابق پاکستان کو بھارتی حکومت کی جانب سے جارحیت کا سامنا ہے اور مختلف شہروں پر ڈرون حملوں سے بانی پی ٹی آئی کی جان کو جیل میں خطرہ ہے، مودی سینٹرل جیل اڈیالہ کو بھی ڈرون حملے کے لیے اہم ٹارگٹ کے طور پر دیکھ سکتا ہے، بنی پی ٹی آئی وزیراعظم تھے تو مودی کو عالمی سطح پر شرمندگی اٹھانا پڑی تھی۔
علی امین نے درخواست پر موقف اپنایا کہ سیاسی طور پر بنائے گئے مقدمات میں طویل قید سے ان کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں، اس طرح کی قید سے بچنے کے لیے آئین میں پے رول پر رہائی کی ریمیڈی موجود ہے، بانی پی ٹی آئی یقین دہانی کراتے ہیں کہ پے رول پر رہائی کی شرائط پر عمل کریں گے۔
درخواست گزار کے مطابق طویل قید سے صحت خراب ہونے کا بھی خطرہ موجود ہے، سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو اس متعلق درخواست دی مگر کئی کارروائی نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے جیل میں قید کے دوران پرزن رولز کی خلاف ورزی نہیں کی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بانی پی ٹی آئی درخواست دائر علی امین پر رہائی جیل میں کے لیے
پڑھیں:
عمران خان نے شکوہ کیا کہ علی امین گنڈاپور ملاقات کیلئے نہیں آتے: علیمہ خان
علیمہ خان—فائل فوٹوبانیٔ تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا کہ مائنز اینڈ منزلز بل کے پی اسمبلی میں پیش نہیں ہو گا، انہوں نے شکوہ کیا ہے کہ علی امین گنڈاپور ان کے پاس ملاقات کے لیے نہیں آتے، جبکہ نواز شریف کی پوری کابینہ جیل اور لندن چلی جاتی تھی۔
راولپنڈی میں علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی ملاقات کروادی گئی، بہنوں نے بھائی کو بتایا کہ آپ ان سے نہ ملیں جن کے نام فہرست میں شامل نہ ہوں، بہنوں نے یہ بھی بتایا کہ آپ سے جو لوگ ملتے ہیں وہ باتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، جو لوگ پچھلی ملاقات کےلیے گئے تھے انہوں نے جھوٹ بولا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے ہدایت کی ہے کہ کوئی پالیسی ان کے بغیر منظور نہیں ہو گی، کوئی ایپکس کمیٹی میں اجازت کے بغیر نہیں جائے گا، انہوں نے جنید اکبر کو ہدایت کی ہے کہ سارا فوکس تحریک پر رکھیں۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے عدالت نے علیمہ خان کی درخواست منظور کر لی۔
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ لوگ اس وقت بھرپور تحریک چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کریں، انہوں نے الیکشن ٹریبونلز میں جانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، نہ کسی سے کوئی بات ہو رہی ہے، بانیٔ پی ٹی آئی کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے، ان کی صحت بھی ٹھیک ہے۔
علیمہ خان نے بتایا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے خود سے متعلق بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے پر حیرانی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت بھارت کے ساتھ تناؤ پر ڈرامے کر رہی ہے، عمران خان نے بتایا ہے انہوں نے فیصل چوہدری سے پوچھا کہ تم کیسے اندر آ جاتے ہو؟