اسرائیل کا یمن کے الحدیدہ پر حملہ، تین اہم بندرگاہوں کو خالی کرنے کی وارننگ دی گئی
اشاعت کی تاریخ: 13th, May 2025 GMT
یمن کے صوبہ الحدیدہ میں اسرائیل کی فضائی کارروائی کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
حوثی حکومت کے زیرانتظام وزارت داخلہ کے مطابق اسرائیل نے بحر احمر کی تین اہم بندرگاہوں — راس عیسیٰ، الحدیدہ اور صلیف — کے شہریوں کو حملے سے قبل علاقہ خالی کرنے کی وارننگ دی تھی۔
اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ان بندرگاہوں کو ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
ادھر حوثی ذرائع ابلاغ، خصوصاً صبا نیوز ایجنسی کے سربراہ نصرالدین عامر نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کسی قسم کا حملہ ابھی تک نہیں ہوا۔ اسرائیلی حکام نے اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت پر ہوئی ہے جب حال ہی میں یمن سے داغا گیا ایک میزائل اسرائیل کے قریب پہنچنے سے قبل تباہ کر دیا گیا تھا۔ اسرائیل کی جانب سے حوثی ٹھکانوں پر جوابی حملوں کا سلسلہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 15 مارچ کو یمن میں حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائی کا دوبارہ آغاز کیا تھا، لیکن بعد ازاں عمان کی ثالثی سے ایک سیزفائر معاہدہ بھی طے پایا، جس میں اسرائیل شامل نہیں تھا۔
اگرچہ سیزفائر پر دستخط ہو چکے ہیں، حوثی ملیشیا نے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ان کا مقصد غزہ میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہے۔
ٹرمپ نے چند روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ حوثیوں نے بین الاقوامی شپنگ روٹس کو متاثر نہ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، لیکن اسرائیلی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسرائیل کے شہر ایلات پر حوثیوں کا ڈرون حملہ، 2 ہلاک 20 اسرائیلی زخمی
یمن سے اسرائیل کے ساحلی شہر ایلات پر حوثیوں کے ڈورن حملے میں دو افراد ہلاک اور 20 اسرائیلی شہری زخمی ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق بیشتر افراد ڈرون کے دھماکے سے اڑنے والے چھروں کا نشانہ بنے ہیں جبکہ حملے کی فوٹیج جاری کردی گئی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق زخمیوں میں دو افراد، ایک 60 سالہ اور دوسرا 26 سالہ، تشویشناک حالت میں ہیں، جب کہ ایک 30 سالہ شخص کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں، جبکہ دیگر 19 افراد معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق ڈرون نچلی پرواز کرتا ہوا ایک ہوٹل کے قریب آ کر پھٹا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ڈرون کو مار گرانے آئرن ڈوم کے دو انٹرسیپٹر میزائل داغے گئے تھے جو ڈرون کو گرانے میں ناکام رہے۔
اسرائیل کے چینل 12 کے ساتھ ایک انٹرویو میں ایلات کے میئر ایلی لنکری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ”حوثیوں کو سختی سے جواب دیا جائے“، اور کہا کہ حوثی حملے ایلات کی بندرگاہ کی آپریشنز کو متاثر کر رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بتایا کہ حملے کو روکنے کی کوششیں کی گئی تھیں، لیکن مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔
اسرائیلی اخبار ”اسرائیل ہیوم“ نے ابتدائی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام ڈرون کو روکنے میں ناکام رہا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھی حوثیوں کی جانب سے داغا گیا ڈرون ایلات میں آکر گرا تھا۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے، 24 گھنٹوں میں مزید 84 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے پناہ گزین کیمپوں اور امدادی مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔ غزہ شہر میں امداد کے منتظر 11 افراد سمیت 50 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 65 ہزار 419 ہوگئی ہے جبکہ ایک لاکھ 66 ہزار 795 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔
Post Views: 1