پی ایس ایل 11، سپر 6 کی تجویز کو پذیرائی نہ مل سکی
اشاعت کی تاریخ: 5th, November 2025 GMT
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں سپر 6 مرحلہ کروانے کی تجویز کو پذیرائی نہ مل سکی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی ایس ایل حکام، فرنچائز مالکان اور آفیشلز کی اہم میٹنگ ہوئی۔
ٹیم آفیشلز ویڈیو کال پر موجود رہے، میڈیا اور سوشل میڈیا میں تند و تیز بیانات کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والے ملتان سلطانز کے مالک علی ترین حیران کن طور پر شریک نہ ہوئے، البتہ ان کے نمائندے موجود تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ٹورنامنٹ کے فارمیٹ پر تفصیلی غور ہوا، ورلڈکپ کی وجہ سے آئندہ برس بھی ایونٹ روایتی تاریخوں میں نہیں ہو سکے گا۔
ایونٹ کے اپریل، مئی میں انعقاد کا پہلے ہی فیصلہ ہو گیا تھا، اب بورڈ نے فارمیٹ کے حوالے سے بعض تجاویز شیئر کیں، ان کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔
موجودہ فارمیٹ کو برقرار رکھنا ممکن نہیں کیونکہ 60 میچز سے ٹورنامنٹ 2 ماہ تک جاری رکھنا پڑے گا۔
ہر ٹیم کا دیگر سے لیگ راؤنڈ میں ایک میچ یقینی ہو گا، سب کے دیگر ایک یا دو ابتدائی میچز کے حریف کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔ 35 سے 44 میچز کا انعقاد ہو سکتا ہے۔
حکام نے آئی سی سی ایونٹس کی طرح ابتدائی راؤنڈ کے بعد 2 ٹیموں کو باہر کر کے سپر 6 کی بھی تجویز دی، البتہ فرنچائز اس سے متق نہیں، ان کے مطابق شہروں کی لیگ میں سے 2 ٹیمیں پہلے ہی باہر ہوگئیں تو ایونٹ میں دلچسپی کم ہو سکتی ہے۔
بورڈ آفیشلز نے شرکاء کو بتایا کہ آڈٹ کمپنی رواں ہفتے ہر فرنچائز کو اس کی نئی ویلیو سے آگاہ کر دے گی، اگر کوئی شکایت ہو تو بورڈ کے ساتھ بات ہو سکتی ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
اے ٹی پی چیلنجرز ایونٹ 24نومبرکو اسلام آباد میں ہوگا، اعصام الحق
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے کہا ہے کہ پاکستان رواں ماہ پہلی بار اے ٹی پی چیلنجرز ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ یہ ایونٹ 24 نومبر سے اسلام آباد میں منعقد ہوگا جو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے، اس سے دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے بعد ٹینس وہ دوسرا کھیل بن چکا ہے جس میں سب سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کریں۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر نے مزید کہا کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ٹینس کی ترقی کے لیے مثبت رسپانس دیا ہے اور پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس کی لیز کا مسئلہ بھی حل ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں محسن نقوی کے خصوصی شکر گزار ہیں۔
اعصام الحق نے بتایا کہ جونیئر پلیئرز کو پروموٹ کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میکائل علی بیگ نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے جبکہ شایان آفریدی نے انڈر 12 اور میکائل بیگ نے انڈر 16 کے مین راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کا مستقبل تابناک ہے اور ہم گرینڈ سلیم میں ان کی شمولیت کے لیے پرامید ہیں۔
اعصام الحق نے بتایا کہ رواں سال ہم نے پانچ انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کروائے اور بارہ ٹیمیں بیرون ملک بھجوائیں، جبکہ آئندہ سال سات آئی ٹی ایف ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔
اعصام الحق نے کہا کہ 2026ء پاکستان میں ٹینس کا مصروف اور شاندار سال ہوگا۔ آئندہ سال پاکستان میں ٹینس لیگ بھی منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم خواتین ٹینس کی ترقی پر بھی بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔