بھارتی خفیہ ایجنسی را کو بڑا جھٹکا، پنجاب اور کراچی سے 10 ایجنٹس گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 25th, June 2025 GMT
لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ پنجاب، سندھ پولیس اور حساس اداروں کی پنجاب اور کراچی میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 10 ایجنٹس کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان بھارتی خفیہ ایجنسی کو حساس مقامات کی معلومات، فنڈنگ، سہولت کاری اور تخریب کاری میں معاونت فراہم کرتے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے 6 سہولت کار کو گرفتار کرلیا ہے۔ سی ٹی ڈی نے صوبے میں موجود بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے دبئی سے فنڈنگ کرنے والا ’را‘ کا سہولت کار رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔(جاری ہے)
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) سے بم حاصل کرنے والے دہشت گرد بھی ان کامیاب کارروائیوں کے دوران پکڑا گیا جب کہ بہاولپور میں مسجد اور ریلوے اسٹیشن پر حملے کی سازش کو ناکام بناتے ہوئے منصوبہ ساز قانون کے شنکجے میں آگئے۔
ادھر کراچی میں بھی سندھ پولیس کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ اور حساس ادارے نے ملیر کے علاقے قائدآباد میں مشترکہ کارروائی کر کے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کو حساس معلومات فراہم کرنے والے 4 ایجنٹس کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گرفتار ملزمان بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) کے کرنل رنجیت سے مسلسل رابطے میں تھے، گرفتار ملزمان سے ایس ایم جی رائفل، ایک ایم پی فائیو، 2 پستول اور چھینی گئی گاڑی برآمد ہوئی ہے۔شعیب میمن کے مطابق ملزمان حساس تنصیبات اور نقل وحرکت کی اطلاع دشمن کو فراہم کر رہے تھے، گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش کئی اہداف کی نشاندہی کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان بن قاسم میں فوجی اور سی پیک تنصیبات کی جیو ٹیگ لوکیشن، سجاول میں نیوی اور پاک آرمی کے حساس مقامات کی لوکیشن، فوجی دستوں کی نقل و حرکت کے حوالے سے تمام معلومات بھارتی افسر کو فراہم کر رہے تھے۔ایک سوال کے جواب میں شعیب میمن نے بتایا کہ گرفتار مرکزی ملزم محمد خان عرف بلو سال 2009 سے بھارتی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کر رہا تھا، ملزم محمد خان حساس مقامات کی تصاویر اپنے موبائل فون سے بناتا تھا، موقع ملتے ہی ملزم بارڈر کراس کر بھارت چلا جاتا تھا جہاں بھارتی فوج کے افسران اس کے موبائل فون میں محفوظ ڈیٹا کو اپنے پاس منتقل کر لیتے تھے۔ایس ایس پی کے مطابق چاروں ملزمان کا تعلق سجاول سے ہے، وہ پیشے کے اعتبار سے مچھیرے ہیں، گرفتار ملزمان بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تربیت لینے کے لیے متعدد بار بھارت بھی جا چکے ہیں۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے بھارتی خفیہ ایجنسی گرفتار ملزمان گرفتار کر کے مطابق فراہم کر
پڑھیں:
کراچی کےمختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 5 ملزمان گرفتار، اسلحہ و مالِ مسروقہ برآمد
مختلف علاقوں میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ مقابلوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ میں پولیس نے موٹر سائیکل سوار مشکوک افراد کو روکنے کا اشارہ کیاجس پر مسلح ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ زخمی ملزم کی شناخت لالدین کے نام سے ہوئی، پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور نقد رقم بھی برآمد کی۔ دوسری جانب بھینس کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت حسیب اور نوید کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق ایک اور مقابلے میں ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان کے قبضے سے دو پستول، دو مسروقہ موٹر سائیکلیں اور موبائل فون برآمد ہوئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد قاسم اور بادشاہ کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق ملزمان مختلف وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔