برساتی نالے میں گاڑی بہنے کا معاملہ؛ خاتون ٹیچر کے بعد کیب ڈرائیور کی لاش بھی برآمد
اشاعت کی تاریخ: 27th, June 2025 GMT
راولپنڈی:
2 روز قبل طوفانی بارش کے دوران پیش آنے والا افسوس ناک سانحہ مزید دلخراش شکل اختیار کر گیا۔ آن لائن کیب کے لاپتا ڈرائیور حسین معاویہ کی لاش بھی جمعرات کی شب دریائے سواں سے مل گئی۔
اس سے قبل کیب میں سوار اسکول ٹیچر انعم بشیر کی لاش بدھ کے روز نالے سے برآمد ہوئی تھی۔
واقعہ بدھ کی صبح رینج روڈ کے قریب لین نمبر فور، ویسٹریج میں اس وقت پیش آیا جب افشاں کالونی کی رہائشی خاتون اسکول ٹیچر انعم بشیر نے اسلام آباد ڈیوٹی پر جانے کے لیے آن لائن کیب بک کروائی۔ شدید بارش کے دوران جب گاڑی لین فور کے قریب پہنچی تو برساتی نالے میں طغیانی کے باعث پانی کا بہاؤ سڑک پر آ گیا اور کیب اس میں بہہ گئی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: آن لائن کیب میں اسکول جانیوالی ٹیچر کی لاش برساتی نالے سے برآمد، ڈرائیور غائب
واقعے کے کچھ گھنٹے بعد خاتون ٹیچر انعم بشیر کی لاش تھانہ رتہ امرال کے علاقے میں واقع بھوسہ گودام کے قریب سے برآمد ہوئی تھی جب کہ کیب کچھ فاصلے پر خستہ حالت میں نالے کے اندر دھنسی ہوئی ملی، تاہم ڈرائیور حسین معاویہ کا کچھ پتا نہ چل سکا، جس کے بعد ریسکیو 1122 اور ویسٹریج پولیس نے مسلسل 2روز تک سرچ آپریشن جاری رکھا۔
بالآخر جمعرات کی شام سورج غروب ہونے کے بعد تھانہ روات اور صدر بیرونی کے علاقے ڈھوک باوا کے قریب دریائے سواں میں ایک نامعلوم شخص کی لاش کی موجودگی کی اطلاع پر ریسکیو اور پولیس موقع پر پہنچے۔ لاش کے چہرے پر ڈاڑھی اور کلائی پر مخصوص دھاگے کے کڑے کی مدد سے لواحقین نے اس کی شناخت کیب ڈرائیور حسین کے طور پر کی۔ پولیس کے مطابق متوفی حسین گوجرخان کا رہائشی تھا۔
واقعے سے متعلق ایک دن قبل جاری ہونے والی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ انعم بشیر نامی اسکول ٹیچر کی لاش برساتی نالے سے ملی جبکہ ڈرائیور غائب تھا۔ پولیس نے گاڑی کی رجسٹریشن کی مدد سے مالکان سے رابطہ کیا جنہوں نے بتایا کہ گاڑی حسنین نامی شخص چلا رہا تھا، جو آن لائن کیب سروس کے ذریعے مسافر لے جا رہا تھا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: برساتی نالے آن لائن کیب کے قریب کی لاش
پڑھیں:
بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر گرفتاری کیساتھ گاڑی بھی بند ہوگی
اسلام آباد میں اب بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے پر ناصرف گرفتاری ہو گی بلکہ گاڑی بھی ضبط ہوگی۔ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت پبلک سروس ڈلیوری سے متعلق اجلاس ہوا جس میں یکم اکتوبر سے بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اسلام آباد پولیس ترجمان کے مطابق یکم اکتوبر سے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا اور گاڑی بھی بند ہو گی۔
وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے اپیل کی ہے کہ شہری یکم اکتوبر سے پہلے اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر لیں جبکہ اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس دفتر فیض آباد عوام کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے کھلا رہے گا، ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت 11 خدمت مراکز پر بھی دی گئی ہے، خدمت مراکز کے اوقات کار شام 6 سے بڑھا کر 9 بجے تک کر دیے ہیں۔