لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش، مزید بادل برسنے کی پیشگوئی
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی مگر حبس کا زور ٹوٹ نہ سکا، مزید بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی۔مون سون کا پانچواں سپیل ملک میں داخل ہو گیا جس کے پیش نظر لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔ایبٹ روڈ، مال روڈ، جیل روڈ اور ڈیوس روڈ کے اطراف میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، اس کے علاوہ کینال روڈ، ہربنس پورہ، رنگ روڈ اور ایئرپورٹ کے اطراف میں بھی تیز بارش نے رنگ جما دیا جبکہ سول سیکرٹریٹ، چوبرجی اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق آج شام سے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں بادل برسیں گے۔اس کے علاوہ فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان میں بھی بارشوں کا امکان ہے، مون سون بارشوں کا پانچواں سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہے گا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پشاور سمیت صوبہ کے بیشتر میدانی اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں بارشوں کے باعث حادثات میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 8 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہو گئے، مون سون بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 279 ہوگئی جبکہ 676 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
قائمہ کمیٹی اجلاس میں محکمہ موسمیات کی پیشگوئی سے متعلق سوالات
پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) محکمہ موسمیات سے ادارے کی بارش سے متعلقہ پیشگوئی پر سوالات پوچھ لیے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی محکمہ موسمیات نے شرکاء کو بریفنگ دی۔
اس موقع پر پی پی پی کے منور علی تالپور نے کہا ہے کہ ایک بار محکمہ موسمیات نے 4 دن کی بارش بتائی، ایک قطرہ بھی برسات نہیں ہوئی۔
پی پی پی شازیہ مری نے کہا کہ محکمہ موسمیات جس دن بارش بتاتا ہے اس دن بارش نہیں ہوتی، جس دن محکمہ موسمیات کہتا ہے آج بارش نہیں ہوگی اس دن ہوجاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بارش کا سن کر چھتری لے کر نکلتے ہیں تو بارش ہی نہیں ہوتی، بتایا جائے کہ محکمہ موسمیات کا بجٹ کتنا ہے اور ملازمین کتنے ہیں۔
ڈی جی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہمارے ملک بھر میں 120 سینٹرز ہیں، جہاں سے ہر گھنٹے ڈیٹا آتا ہے، میٹ ڈپارٹمنٹ کا بجٹ 4 ارب اور ملازمین کی تعداد 2 ہزار 430 ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کہا گیا تھا کہ سندھ کو سپر فلڈ ہٹ کرے گا، ہم نے پہلے دن سے کہا تھا سندھ کو سپر فلڈ ہٹ نہیں کرے گا، ہماری اتنی محنت کے باوجود ہمارا نام نہیں لیا جاتا۔
ڈی جی محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ اپریل کے آخر میں مون سون سے متاثرہ 10ممالک کا اجلاس ہوا، جنوبی ایشیا کلائمنٹ فورم میں بھی خطے کی معلومات شیئر ہوئی تھیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مئی کے درجہ حرارت کی بنیاد پر کئی گئی فورکاسٹ میں پاکستان اور بھارت میں معمول سے زیادہ بارشیں تھیں، 29 مئی کو زیادہ بارشوں سےمتعلق بتادیا تھا، اس دفعہ محکمہ موسمیات کی بات سنی ہی نہیں گئی۔
فیڈرل فلڈ کمشنر نے بتایا کہ 22 جولائی کو کراچی میں 1 گھنٹے میں 160 ملی میٹر بارش ہوئی، اسلام آباد میں 22 جولائی کو 184 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس پر شازیہ مری نے سوال اٹھایا کہ کیا ماضی میں بھی اسلام آباد میں اتنی بارش ہوئی جتنی اس بار ہوئی؟
ڈی جی محکمہ موسمیات نے جواب دیا کہ جولائی2001ء میں یہاں 600 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سب اداروں کو بتا دیا تھا کہ تیز بارشیں آئیں گی، ہم نے یہ بھی بتایا تھا کہ ملک میں سیلاب آئیں گے۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ ہم کسی دن محکمہ موسمیات چلے جاتے ہیں، سسٹم کا جائزہ لے لیتے ہیں، دیکھیں گے محکمہ موسمیات کی پیشگوئیاں کیوں نہیں درست ہوتیں، یہ بھی دیکھیں گے کہ محکمہ موسمیات کے پاس ٹیکنالوجی کونسی ہے۔