بھارت دہشتگرد گروہوں کے ذریعے ہائبرڈ جنگ کو فروغ دے رہا ہے: فیلڈ مارشل عاصم منیر
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں شکست سے دوچار بھارت دہشت گرد گروہوں کے ذریعے ہائبرڈ جنگ کو فروغ دے رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 16ویں سیشن کے شرکاء سے ملاقات کی جس میں سول سرونٹس اور ماہرین تعلیم بھی شریک ہوئے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی سرپرستی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت معرکہ حق میں شکست سے دوچار ہو چکا ہے، بھارت دہشت گرد گروہوں کے ذریعے ہائبرڈ جنگ کو فروغ دے رہا ہے، یہ گروہ بھی معرکہ حق میں بھارت کو دی گئی ذلت آمیز شکست جیسا ہی انجام پائیں گے۔
پاکستان نے آج اسلام آباد میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس کی میزبانی کی ہے۔
فیلڈ مارشل نے بھارت کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی سرپرستی کو بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش قرار دیا اور کہا کہ ملک کو درپیش داخلی یا خارجی خطرات کی صورت میں قومی وقار اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نہ مذہب دیکھتی ہے نہ فرقہ اور نہ ہی نسل، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر اجتماعی عزم اور یکجہتی ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے تمام اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور مربوط قومی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیشن کے آخر میں شرکاء اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان مثبت اور بامعنی مکالمہ بھی ہوا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے
پڑھیں:
بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث، افغانستان دہشتگردوں کو روکنے میں ناکام ہے: وزیرِ اعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف---فائل فوٹووزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت کا کردار واضح ہے، 2018ء میں ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو چکا تھا تاہم ایک منظم سازش کے تحت دہشت گردی دوبارہ واپس لائی گئی۔
بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار پاکستانی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں جبکہ حال ہی میں مستونگ میں سیشن جج کا قتل بھی دہشت گردی کی سنگین مثال ہے، دہشت گردی کا مقابلہ پوری قوم نے مل کر کرنا ہے۔
انہوں نے افغانستان کی عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سر زمین دہشت گردوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے تاہم افسوس کے ساتھ کہا کہ افغان حکومت دہشت گردوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے جبکہ پاکستان کی حالیہ کامیابیاں دشمن کو ہضم نہیں ہو رہیں۔
انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی سفارتی کاوشوں کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی میں اہم کامیابیاں حاصل کیں، ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کر لی گئی ہے
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا جبکہ آبادی کے اعتبار سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے اور بلوچستان کے عوام نے قیامِ پاکستان اور وفاق کے استحکام میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ کراچی سے چمن تک دو رویہ شاہراہ کی تعمیر پر کام جاری ہے۔
این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پنجاب نے بلوچستان کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالا اور دیگر صوبوں نے بھی بھرپور تعاون کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرتے ہوئے چاروں صوبوں کو ان کا جائز حق دیا جائے گا۔
ورکشاپ کے شرکاء کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی چاروں صوبوں کی مشترکہ کاوشوں سے ممکن ہے اور اب ملک کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کرنے کا وقت آ گیا ہے۔