پنجاب میں مزید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری، سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ
اشاعت کی تاریخ: 4th, August 2025 GMT
لاہور:
پنجاب میں مزید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا، جس کی وجہ سے سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کے خطرات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اس وقت مون سون کا ایک کمزور سسٹم موجود ہے، جس کے باعث بارشوں کی شدت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کی وجہ سے شہر میں بارشوں کا سلسلہ سست روی کا شکار ہو گیا ہے اور درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 جب کہ زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اُدھر پی ڈی ایم اے نے 4 سے 7 اگست تک دوبارہ شدید بارشوں کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، خاص طور پر دریاؤں کے بالائی طاس علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔ 5 اگست سے ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں دریائے چناب اور جہلم میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اپنے صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ ممکنہ متاثرہ اضلاع میں راولپنڈی، فیصل آباد، گجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاالدین اور ڈی جی خان شامل ہیں، جہاں شدید بارشوں کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی جب کہ مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔ شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتہائی احتیاط برتیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام متعلقہ اضلاع کو ہدایت کی ہے کہ عملہ اور مشینری کو مکمل ہائی الرٹ رکھا جائے، واسا اور میونسپل ادارے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور تمام متعلقہ افسران بارش کے دوران فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی خود نگرانی کریں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پی ڈی ایم اے علاقوں میں بارشوں کا
پڑھیں:
مون سون بارشوں کے چھٹے طاقتور اسپیل کا الرٹ جاری، اربن فلڈنگ کا خدشہ
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کے بارے میں الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مون سون سسٹم کے ساتھ کل سے مغربی ہوائیں بھی شامل ہو جائیں گی، 04 سے 07 اگست کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
اس دوران مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاوالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد میں بارش کی پیشگوئی ہے، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اور اوکاڑہ میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ 6 اگست ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، اور راجن پور میں بارشوں کی پیشگوئی ہے، 5 سے 7 اگست کے دوران مری، گلیات، راولپنڈی اور پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، شدید بارشوں کے باعث بڑے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے سول ڈیفنس، ریسکیو و متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظرمتعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے، ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے، عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، بارشوں کے باعث کچے مکانات مخدوش عمارتوں کو نقصان کا خدشہ ہے، مسافر اور سیاح موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
اربن و فلیش فلڈنگ کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں گاڑی ہرگز بہتے ہوئے پانی سے کراس نہ کریں، ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔