’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘ مہم سے 10 لاکھ سے زائد صارفین مستفید
اشاعت کی تاریخ: 7th, August 2025 GMT
پاکستان بھر میں بجلی کے صارفین کی شفافیت اور اطمینان کو فروغ دینے کے لئے شروع کی گئی ’’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘‘ مہم کو غیر معمولی پذیرائی ملی ہے اور اب تک 10 لاکھ سے زائد صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
وزارت توانائی کے ترجمان نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ یہ اقدام حکومت کی اس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد زائد بلنگ اور غلط میٹر ریڈنگ جیسے مسائل پر قابو پانا ہے۔
اس مہم کے ذریعے صارفین کو بااختیار بنانے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کیا جا رہا ہے۔
یہ منصوبہ ’’پاور اسمارٹ‘‘ ایپ کے ذریعے متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے بجلی کے صارفین اپنی میٹر ریڈنگ خود جمع کرا سکتے ہیں۔
صارفین میٹر کی تصویر اپ لوڈ کر کے بلنگ میں غلطیوں، تاخیر اور تنازعات کے امکانات کو کم کر سکتے ہیں جس سے ایک شفاف اور منصفانہ نظام تشکیل پاتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس لغاری کی قیادت میں بلنگ نظام میں اصلاحات کے لئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔
’’پاور اسمارٹ‘‘ ایپ کے ذریعے صارفین کو خود ریڈنگ دینے کا اختیار حاصل ہے جس سے زائد بلنگ کے خلاف کارروائی کو آسان بنایا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایپ کو صارفین کی جانب سے بھرپور ردعمل ملا ہے اور ملک بھر میں 10 لاکھ سے زائد افراد اس سہولت کو استعمال کر رہے ہیں۔
یہ پیشرفت ڈیجیٹل گورننس پر عوامی اعتماد میں اضافے اور صارفین اور یوٹیلیٹی سروسز کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر نے آئندہ سال کو بجلی کے شعبے میں بہتر سروس اور صارفین کے اطمینان کا سال قرار دیا ہے جو حکومت کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ صارفین کو سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
وزارت کے اہلکار کے مطابق جون 2024 تک بجلی کے شعبے کو 591 ارب روپے کے نقصانات کا سامنا تھا تاہم خود میٹر ریڈنگ جیسے اصلاحاتی اقدامات کے باعث ان نقصانات میں 191 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں عوامی خدمات کے شعبے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا تیزی سے اپنانا شفافیت، احتساب اور سہولت کی فراہمی کی بہترین مثال ہے۔
’’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘‘ کی کامیابی توانائی کے شعبے میں جدیدیت، صارفین کو بااختیار بنانے اور پائیدار مستقبل کے حصول کی جانب ایک نمایاں قدم ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: صارفین کو کے ذریعے بجلی کے کے شعبے
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔