موجودہ حکومت جیت کر نہیں آئی، مسلط کی گئی: حافظ نعیم الرحمان
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
---فائل فوٹو
امیرِ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے موجودہ حکومت پر تنقید کے تیر برساتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں آئین کو پامال کیا جاتا ہے، موجودہ حکومت جیت کر نہیں آئی، مسلط کی گئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو امتحان بناتا ہے وہی چیک کرتا ہے، یہاں تعلیم اور امتحانات کا نظام دنیا کا فرسودہ ترین نظام ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا ہے کہ تعلیم تباہ و برباد ہے، یہ پی ڈی ایم کا نظام ہے، ملک بھر میں اسکول بیچ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج سے اثر ہوتا ہے، 14 اگست کے بعد از سر نو مہم چلائیں گے، پاکستان کو نئے تعلیمی نظام کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کئی ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر رہے ہیں، اسرائیل کے قبضے کے ساتھ ریاست کو تسلیم کرنے میں کیا بہتری ہے؟۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: حافظ نعیم الرحمان
پڑھیں:
27ویں ترمیم نظام انصاف پر شب خون مارنے کے مترادف: حافظ نعیم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے 27 ویں ترمیم پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترمیم ہولناک اور ملک کیلئے تباہ کن ہے۔ اس ترمیم میں صدر پاکستان کے لیے تاحیات استثنیٰ اور محاسبہ کے نظام کے خاتمہ کی جو تفصیلات سامنے آ رہی ہیں وہ ہولناک ہیں۔ اپوزیشن اسے کلیتاً مسترد کرے۔ عوامی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پراپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ستائیسویں ترمیم دینی، آئینی، جمہوری، سماجی و سیاسی اعتبار سے غلط اور شرمناک ہے اور یہ نظام انصاف پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ قوم انگشت بدنداں ہے کہ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کی جمہوریت کیا کیا گْل کِھلائے گی۔ حافظ نعیم نے کہا کہ وصیت، وراثت اور وڈیرہ شاہی پر پارٹی چلانے، ممبران پارلیمنٹ کی خرید و فروخت کرنے والے عوام کے سامنے خود کو جواب دہی کا پابند سمجھتے تھے نہ ہی عدالتوں کے سامنے جوابدہ رہنا چاہتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارا دین اور آئین صدر مملکت سمیت ریاست کے ہر فرد کو قانون کی پابندی کا حکم دیتا ہے۔ قرآن و سنت نے حکمرانوں کو قانون کی بالادستی قائم کرنے اور خود بھی سختی سے اس پر عمل پیرا ہونے کا حکم دیا ہے۔ لیکن حکمران خود کو کسی آئین و قانون کا پابند نہیں سمجھتے، یہ ملک کو لاقانونیت کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن متحد ہو کر اس سازش کو ناکام بنائے اور اس ترمیم کو مکمل طور پر مسترد کر دے۔