ڈمپر‘ٹرالر‘ ٹینکر حادثوں میں کراچی کے شہری مررہے ہیں: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
لاہور( نوائے وقت رپورٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ڈمپر، ٹرالراور ٹینکر حادثوں میں کراچی کے شہری مسلسل جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت تمام تر اختیارات و وسائل کے باوجود مکمل ناکام ہوچکی ہے‘ یہ ٹریفک مینجمنٹ کی اہلیت بھی نہیں رکھتی۔کراچی میں بہن بھائی کو کچلنے والے ڈرائیور کے پاس ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے کی خبر پر سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بجائے اس کے کہ سندھ حکومت ڈمپر مافیا اور اس کے سرغنوں کے لسانیت زدہ‘ زہریلے بیانات اور ہرزہ سرائیوں پر کارروائی کرے‘ بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار اور ان پر مقدمات بنائے جارہے ہیں جو شرم ناک ہے۔ کراچی کے ساتھ سندھ حکومت کا یہ سلوک ناقابل برداشت ہوتا جارہاہے۔ ڈمپر حادثے کے بعد گرفتار کیے گئے بے قصور نوجوانوں کو فوری رہا کیا جائے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ملک میں کوئی آوازایسی نہیں جو عوامی مسائل پر بات کرسکے: حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی آوازایسی نہیں جو عوامی مسائل پر بات کرسکے۔شہر قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پہلے چینی ایکسپورٹ کی گئی اب امپورٹ کی جارہی ہے، چینی کی بڑھتی قیمتوں کاذمہ دارکون ہے؟انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہمارامیئرنہیں آنے دیاگیا، ہم پیچھے نہیں ہٹے،ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک کیوں نہیں پہنچ رہا، پاکستان میں کوئی آواز ایسی نہیں کہ عوام کے مسائل پرکوئی بات کر سکے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت اورریاست کی سطح پرعوام کے ساتھ دھوکا دہی کی جارہی ہے، گزشتہ سال زراعت میں آگے تھے موجودہ مالی سال میں ہم پیچھے ہیں، کسان رُل گئے، کبھی کھاد نہیں ملتی، کبھی گنے کی قیمت پوری نہیں ملتی۔حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں بھوک سے ہزاروں کی تعدادمیں بچے شہید ہو چکے، فلسطینیوں اورکشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہو گا، غزہ کے لوگوں کیلئے آواز بلند کرنی چاہیے۔