پاک-بھارت سپر فور میچ، متنازع ریفری اینڈی پائیکرافٹ ایک مرتبہ پھر ریفری ہوں گے
اشاعت کی تاریخ: 20th, September 2025 GMT
دبئی:
ایشیا کپ کے گروپ میچ میں متنازع بننے والے ریفری اینڈی پائیکرافٹ پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور کے دوسرے میچ میں بھی ریفری ہوں گے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق 14 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں ہاتھ ملانے سے منع کرنے کے تنازع میں ملوث ہونے والے اینڈی پائیکرافٹ اتوار کو بھی پاک-بھارت میچ میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور کا میچ کل (اتوار،21 ستمبر) دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ 14 ستمبر کو گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو باآسانی شکست دے دی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔
بعد ازاں پاکستانی ٹیم کے کوچ نے بتایا تھا کہ میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا کو بھارتی کپتان سے ہاتھ نہ ملانے کا کہا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس معاملے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اینڈی پائیکرافٹ کو دیگر میچوں میں ذمہ داری نہ دینے کا مطالبہ کیا تھا اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی۔
پی سی بی کے احتجاج کے بعد اینڈی پائیکرافٹ نے پاکستانی کپتان سے معافی مانگ لی تھی اور اس کے بعد پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے خلاف ایشیا کپ کا میچ کھیلا تھا اور اینڈی پائیکرافٹ ریفری تھے۔
قومی ٹیم نے سپر فور کے میچ سے قبل اپنی پریس کانفرنس بھی منسوخ کردی ہے اور بھارت سے میچ سے قبل ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سائیکولوجسٹ کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاکستان اور بھارت کے درمیان اینڈی پائیکرافٹ سپر فور میچ میں
پڑھیں:
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور سعودی وزیر ٹرانسپورٹ انجینئر صالح بن ناصر الجاسر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔
وزیر مملکت کی انجینئر صالح بن ناصر الجاسر سے ملاقات کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔
وفاقی وزیر مواصلات نے پاکستان میں سڑکوں کے نیٹ ورک اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی اور کہا کہ اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ (ایس اڈی ایم اے) سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ایم۔6، 10 اور 13 اور ایم این جے سی منصوبے سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مواقع فراہم کرتے ہیں۔ مانسہرہ، ناران، جھال کنڈشاہراہ کا منصوبہ سیاحتی اعتبار سے ایک منافع بخش منصوبہ ہے۔ عبدالعلیم خان نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
دوسری جانب سعودی وزیر ٹرانسپورٹ نے عبدالعلیم خان کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے انتخابات میں پاکستان سے حمایت کی توقع ہے۔