پنجاب جیل خانہ جات میں وسیع پیمانے پر تبادلے، باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری
اشاعت کی تاریخ: 23rd, September 2025 GMT
محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کردیئے گئے ہیں جن کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق افضال احمد کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد تعینات کردیا گیا ہے۔اس سے قبل وہ مختلف جیلوں میں انتظامی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اورانہیں جیل اصلاحات کے حوالے سے تجربہ کارافسرتصورکیا جاتا ہے، اسی طرح نوید اسلم کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹوڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ تعینات کیا گیا ہے۔محکمہ کے مطابق نوید اسلم کی تعیناتی ان کے پروفیشنل رویے اور بہترین کارکردگی کی بنیاد پرعمل میں لائی گئی ہے۔نئی تعیناتیوں کے بعد توقع ظاہرکی جا رہی ہے کہ فیصل آباد اورشیخوپورہ کی جیلوں میں انتظامی معاملات مزید بہتر ہوں گے اورقیدیوں کی فلاح وبہبود کے منصوبوں پربھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ترجمان جیل خانہ جات نے کہا کہ تقرروتبادلوں کا مقصد جیلوں کے نظام کو مؤثراورشفاف بنانا ہے.
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
انٹر بورڈ کراچی کی بی او جی تبدیل، نوٹیفکیشن جاری
کراچی:صوبے کے تعلیمی بورڈز کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلیٰ سندھ نے کئی دہائیوں بعد ایجوکیشن بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کو تبدیل کرنے کا آغاز کردیا اور اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے بورڈ آف گورنرز کو تبدیل کردیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگیا ہے۔
محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے سیکریٹری عباس بلوچ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اب سوائے ایک کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کو انٹر بورڈ کراچی کی بی او جی سے فارغ کردیا گیا صرف آئندہ 2 برس کے لیے میرپور خاص بورڈ کے چیئرمین کرنل (ر) علمدار رضا انٹر بورڈ کی بی او جی کے رکن ہوں گے، اس سے قبل ہر بورڈ کا چیئرمین دوسرے تمام تعلیمی بورڈز کا رکن ہوتا تھا۔
علاوہ ازیں نوٹیفیکیشن کے مطابق وزیر اعلیٰ کی جانب سے دیگر نامزدگیاں بھی دو سال کے لیے کی گئی ہیں اور پرنسپل یا ہیڈ آف کالج کی نشست پر پروفیسر صائمہ فہیم رکن ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ پرنسپل کا تعلق ہائر سیکنڈری اسکول سے ہے جبکہ اس سے قبل کالج پرنسپلز اس کا رکن ہوتا تھا تاہم کراچی کے 150 سے زائد سرکاری کالجوں کے پرنسپلز میں سے کسی کو بھی اس نشست پر رکنیت نہیں دی گئی ہے۔
ادھر ٹیکنیکل ایکسپرٹ کے طور پر این ای ڈی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر آئی ٹی اسد العارفین کی نامزدگی کی گئی ہے، سول سوسائٹی کے نمائندے کے طور پر شکیل احمد سابق کمشنر فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)، وزیر کی جانب سے اپنی 2 نامزدگیوں کے طور پر رکن صوبائی اسمبلی خیر النسا اور مظہر علی صدیقی سابق ڈی جی(پی اینڈ ڈی) ایجوکیشن کو مقرر کیا گیا ہے۔
نئی بی او جی میں جامعہ کراچی سے کسی بھی پروفیسر کو شامل نہیں کیا گیا جبکہ اس سے قبل جامعہ کراچی سے بھی ایک پروفیسر بی او جی کا رکن ہوتا تھا۔