پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کی سری لنکا میں دوسرے روز بھی امدادی سرگرمیاں
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
کراچی (نیٹ نیوز) سری لنکا میں سائیکلون ’دتواہ‘ سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کی امدادی سرگرمیاں دوسرے روز بھی جاری رہیں۔ ہیلی کاپٹر نے کولمبو اور اطراف کے شدید سیلاب زدہ علاقوں میں متعدد مشنز سرانجام دیئے۔ سری لنکن انتظامیہ کے تعاون سے ان افراد تک رسائی فراہم کی جو زیرِ آب علاقوں میں پھنسے ہوئے تھے اور جن تک زمینی راستوں سے پہنچنا ممکن نہیں تھا۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے انہیں ضروری خوراک اور ایمرجنسی امدادی سامان پہنچایا گیا۔ پی این ایس سیف سری لنکا میں تعیناتی کے دوران آنے والے دنوں میں بھی امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گا تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں سری لنکن عوام کو مسلسل تعاون اور معاونت فراہم کی جا سکے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سمندری طوفان دتوا بھارت سے ٹکرانے کو تیار، سری لنکا میں 153 ہلاکتوں کے بعد خطرے کی گھنٹی
سری لنکا میں بڑے پیمانے پر تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان دتوا بھارت کی سمت بڑھ رہا ہے۔
بھارتی محکمۂ موسمیات کے مطابق طوفان آج تامل ناڈو اور اطراف کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ہے، جس کے باعث حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ طوفان کے اثرات کے سبب تامل ناڈو کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں جبکہ 50 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ساحلی پٹی سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل طوفان دتوا نے سری لنکا میں شدید تباہی مچائی، جہاں بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 153 افراد ہلاک ہوئے۔
رائٹرز کے مطابق سب سے زیادہ اموات لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہوئیں، جب کہ شمالی اور مشرقی علاقوں میں 300 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے درجنوں گاؤں متاثر ہوئے۔
سری لنکا میں ایمرجنسی نافذ ہے اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ بھارتی حکام بھی طوفان کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔