عمران کوآئیسولیشن میں رکھا گیا عالمی میڈیا سے تشویشناک خبر آرہی ہے: سہیل آفریدی
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
پشاور (نیٹ نیوز) خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو 4 نومبر سے آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے اور بین الاقوامی میڈیامیں ان سے متعلق تشویش ناک خبریں آ رہی ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے احتجاج کریں گے پھر اڈیالہ جیل بھی جائیں گے۔ ہم اڈیالہ گئے وہاں دو منٹ کیلئے نہیں ملنے دیا گیا، ہائیکورٹ بھی گئے پھر بھی ملاقات نہ ہو سکی۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ این ایف سی ایوارڈ میں شرکت کریں گے۔ وہاں پر ضم اضلاع اور صوبے کی حقوق کیلئے لڑیں گے، 2018ء سے اب تک صوبے کو این ایف سی میں اپنا حصہ نہیں مل رہا، ضم اضلاع کو اپنے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ ہمیں تصادم کی طرف لے جانے کی کوشش ہو رہی ہے لیکن ہم نہیں جائیں گے۔ میں بحیثیت وزیر اعلیٰ اور پارٹی کارکن بھی کام کر رہا ہوں، صوبے کے وزیر اعلیٰ کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالا گیا، اس صوبے کے وزیر اعلیٰ کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ یہ غلط بات ہے کہ یہاں گڈ گورننس نہیں، یہاں کام ہو رہا ہے اس لیے ہمیں ووٹ ملتا ہے۔سہیل آفریدی کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ جانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ارکان نے اسلام آباد ہائیکورٹ اور اڈیالہ جانے پر غور کیا۔ بابر سلیم سواتی نے وزیراعلیٰ سے مکالمہ میں کہا بانی چیئرمین کا آپ پر اعتماد ہے اپنی مرضی سے کابینہ بنائیں تاکہ حکومتی معاملات مزید بہتر چلیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا ملاقات سے گریز شہیل آفریدی کا منگل کو دھرنے کا اعلان
اسلام آباد+راولپنڈی (وقائع نگار+اپنے سٹاف رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے سہیل آفریدی، علیمہ خان اور وکلاء کی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملاقات نہ ہو سکی۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ ہماری شنوائی نہیں ہوئی، ہمیں چیف جسٹس کی طرف سے پیغام ملا میں آپ سے نہیں مل سکتا۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے قومی اسمبلی نہ سینٹ کا اجلاس چلنے دیں گے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ منگل کو ہائیکورٹ کے باہر بھی اور اڈیالہ جیل کے باہر بھی اکٹھے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی گورننس پر میں اپنی انتظامیہ سے رابطے میں ہوں۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پی کے نے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پی کے سے ملنے سے انکار کردیا۔ چیف جسٹس کسی سے ملاقات نہیں کر رہے، چیف جسٹس نے نہ ایڈووکیٹ جنرل نہ کسی وکیل سے ملاقات کی۔ قبل ازیں راولپنڈی میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل عدالتی حکم کے باوجود مجھے، نہ دیگر رہنمائوں کو بانی سے ملنے دیا گیا۔ اس سے پہلے بانی کی بہنوں کو ملنے نہیں دیا گیا۔ یہ سب کچھ بانی کو توڑنے کے لیے کیا جا رہا ہے، بشری بی بی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے کہا کہ کل پورا دن، پوری رات اور پھر صبح ہوگئی، مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔وزیر اعلی خیبرپی کے سہیل خان آفریدی نے جمعہ کی صبح اڈیالہ روڈ گورکھپور ناکے پر جاری دھرنا ختم کردیا اور واپس کے پی کے ہائوس اسلام آباد روانہ ہو گئے تھے۔ دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ سربراہ تحریک تحفظ آئین محمود خان اچکزئی، مجلس وحدت المسلمین کے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔