پی سی بی نے 2024ء کیلئے ہال آف فیم کرکٹرز کا اعلان کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2025 GMT
پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2024ء کے لیے ہال آف فیم کرکٹرز کا اعلان کر دیا۔
4 سابق ٹیسٹ کرکٹرز مشتاق محمد، انضمام الحق، سعید انور اور مصباح الحق کو ہال آف فیم 2024ء میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پی سی بی ہال آف فیم میں اس سے قبل عبدالقادر، اے ایچ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس، یونس خان اور ظہیر عباس شامل ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پی سی بی ہر سال 2 کرکٹرز کو ہال آف فیم میں شامل کرتا ہے تاہم اس مرتبہ 4 کرکٹرز اس لیے شامل کیے گئے کیونکہ 2023ء میں کسی کرکٹر کو ہال آف فیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
اس مرتبہ ہال آف فیم میں ان 4 آئیکونز کو ایک آزاد اور شفاف ووٹنگ کے عمل کے ذریعے شامل کیا گیا، ووٹنگ میں وسیم اکرم، ظہیر عباس (دونوں پی سی بی ہال آف فیمرز) اظہر علی (سابق کپتان) بسمہ معروف، نین عابدی (دونوں سابق بین الاقوامی ویمنز کرکٹرز)، ماجد بھٹی، محی شاہ، محمد یعقوب، نعمان نیاز، سویرا پاشا اور زاہد مقصود (کرکٹ صحافی/ تجزیہ کار) نے شرکت کی۔
انضمام الحق نے 1991ء سے 2007ء تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلی اور 1992ء میں ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستان ٹیم کے رکن رہے۔
مصباح الحق نے 2001ء سے 2017ء تک پاکستان کی نمائندگی کی اور ان کی قیادت میں پاکستان ٹیم 2016ء میں آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں نمبرایک پوزیشن پر آئی۔
وہ 2009ء میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں بھی شامل تھے۔
دوسری جانب مشتاق محمد نے 1959ء سے 1979ء تک پاکستان کی نمائندگی کی اور کپتان بھی رہے۔
1977ء میں ان کی قیادت میں پاکستان نے پہلی بار آسٹریلیا میں اپنا پہلا ٹیسٹ جیتا، وہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 1999ء کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کے کوچ بھی تھے۔
سعید انور نے 1989ء سے 2003ء تک پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 31 سنچریاں اور 68 نصف سنچریاں بنائیں۔
1996ء، 1999ء اور 2003ء کے ورلڈ کپ میں ان کی 3 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل تھیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پی سی بی
پڑھیں:
پاکستان ویمنز کرکٹ کا آئرلینڈ کے خلاف 15 رکنی اسکواڈ اعلان
پاکستان ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ منتخب شدہ کھلاڑیوں کا انتخاب ویمنز سکلز کیمپ میں شریک 24 کھلاڑیوں میں سے کیا گیا ہے۔ اس موقع پر فاطمہ ثنا کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اس سال کے ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی نوجوان کھلاڑی ایمان فاطمہ کو بھی قومی ویمنز اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو کہ ٹیم کی مستقبل کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔ منتخب شدہ 15 رکنی ٹیم آئرلینڈ روانگی سے قبل کراچی میں پری سیریز کیمپ میں شرکت کرے گی تاکہ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں کی یہ ٹی 20 سیریز 6 اگست سے شروع ہو کر 10 اگست تک ڈبلن میں کھیلی جائے گی۔ 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام درج ذیل ہیں: عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، گل فیروزا، مونیبہ علی، نجیحہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ناتالیہ پرویز، رمین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبیٰ حسن اور وحیدہ اختر۔ یہ سیریز پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے اپنے کھیل کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی میدان میں اپنی پہچان کو مضبوط کرنے کا موقع ہوگی۔