آزاد کشمیر میں افراتفری پھیلانے میں دشمن ایجنسی ”را“ ملوث نکلی
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں بعض عناصر نے مہنگائی اور ایک صدارتی آرڈیننس کے خلاف احتجاج کیا، جسے غیر ملکی دشمن ایجنسیوں کی حمایت حاصل تھی۔ اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ احتجاج، افراتفری اور بدامنی پھیلانے میں دشمن ایجنسیوں بالخصوص بھارتی ”را“ کا ہاتھ تھا۔ ذرائع کے مطابق سماجی رابطوں کی چینل دی نیکسس Nexus کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ مظاہروں کے پیچھے دراصل بھارت کا ہاتھ کارفرما تھا، بھارتی خفیہ ایجنسی "را“ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے شرپسند عناصر کا استعمال کر رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دوسرے ملکوں کی طرح پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کو بھی کرونا وبا کے سبب معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا اور 2018ء کے بعد یہاں بھی افراط زر میں کمی آئی، 2021ء اور 2022ء میں کرنسی کی قدر میں بھی کمی واقع ہوئی اور گزشتہ حکومت کے آئی ایم ایف معاہدوں کی وجہ سے یہ کمی عروج پر پہنچ گئی۔ تاہم 2023ء میں معاشی استحکام واپس آنا شروع ہوا اور جیسے جیسے معیشت میں بہتری آئی، ریاست مخالف عناصر بیرونی دشمنوں کی شہ پر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے سرگرم ہو گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں بعض عناصر نے مہنگائی اور ایک صدارتی آرڈیننس کے خلاف احتجاج کیا، جسے غیر ملکی دشمن ایجنسیوں کی حمایت حاصل تھی۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم انوارالحق نے بھی ایک بیان میں یہ دعویٰ کیا کہ اس احتجاج کی قیادت کرنے والی ”عوامی ایکشن کمیٹی“ کو بھارت نے فنڈز فراہم کیے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آزادکشمیر کو 23بلین کی گرانٹ فراہم کی گئی لیکن اس کے باوجود مئی 2024ء میں بیرونی عناصر کی شہ پر احتجاج جاری رہا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ در حقیقت آزاد جموں و کشمیر کے باشندوں کو بہکانے کی کوشش کر رہی ہے۔ کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا کہ اس وقت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ پاکستان معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت دراصل مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی اپنی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے آزاد جموں و کشمیر میں روزمرہ کے شہری مسائل کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہا ہے اور اپنے مذموم مقاصد کیلئے یہاں کے لوگوں کو اکسانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
پاک فوج کے میجر انور کاکڑ دہشتگردوں کے حملے میں شہید
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے دلیر افسر میجر محمد انور کاکڑ دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہو گئے۔ بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہ "فتنتہ الہندوستان" کے بزدلانہ حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر کاکڑ ایک دہائی سے پاک فوج کا حصہ تھے اور بلوچستان میں اہم خفیہ محاذوں پر خدمات انجام دے رہے تھے۔میجر انور کاکڑ شہید کا تعلق ضلع پشین سے تھا۔ وہ ایک محب وطن سپاہی کے طور پر نہ صرف عسکری محاذوں پر بلکہ ابلاغی جنگ میں بھی دشمن کی سازشوں کا مؤثر جواب دے رہے تھے۔ ان کی نمایاں خدمات میں گوادر کے پی سی ہوٹل پر دہشتگرد حملے کے خلاف کارروائی شامل ہے، جس میں انہوں نے دشمن کا بہادری سے سامنا کیا۔شہید افسر نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ بھارت جیسے ازلی دشمن کی خفیہ دہشت گردی کی سازشیں پاک سرزمین کو جھکا نہیں سکتیں۔ ان کی شہادت نے قوم کا حوصلہ مزید بلند کر دیا ہے۔ میجر انور کاکڑ شہید اپنے پیچھے والدین، اہلیہ اور تین کم سن بیٹے چھوڑ گئے ہیں۔ ان کی شہادت کو پوری قوم نے سلام پیش کیا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان نے اس عظیم قربانی پر شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف سرگرم ہر دہشتگرد گروہ کو ناکام بنایا جائے گا۔یہ شہادت اس عزم کی تجدید ہے کہ وطن کے خلاف دشمن کی ہر سازش خاک میں ملائی جائے گی، اور ہر شہید کا خون پاکستان کی بنیادوں کو مزید مضبوط کرے گا۔