جماعت اسلامی کابجلی کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کیخلاف احتجاج کااعلان
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی)حکومت کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کے خلاف جماعت اسلامی نے17جنوری کو ملک بھرمیں احتجاجی مظاہرے کرنے کااعلان کردیا، حافظ نعیم الرحمن کی کال پر فیصل آباد میں بھی 14مقامات پر مظاہرے ہونگے۔ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے ضلعی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت نے راولپنڈی معاہدے پر مقررہ مدت میں عملدرآمد نہیں کیا،حکومت ہوش کے ناخن لے اور بجلی و گیس کے بلوں، پیٹرول کی قیمتوں پر عوام کو فوری ریلیف دے۔ حکومت نے دکھاوے کیلئے چند آئی پی پیز معاہدے ختم کرنے کا اعلان کیا مگر باقی سارے موجود ہیں،حکومت فوری طور پر جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے اور تنخواہ دار طبقے اور تاجروں کو ٹیکس میں ریلیف دے۔انہوں نے کہاکہ حکمران اپنی عیاشیاں اور مراعات ختم کریں اور سود کی شرح کوسنگل ڈیجٹ پرلایاجائے۔ ان اقدامات سے ہونی والی اربوں روپے کی بچت کو بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے استعمال کیا جائے۔ پیٹرول کی قیمت کو عالمی منڈی کے مطابق لایا جائے اور پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، حکومت کو عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی سے کم وبیش 25ارب ڈالر کا فائدہ امپورٹ بل کی صورت میں حاصل ہوا ہے، اس فائدے سے عوام کو ریلیف ملے تو پیٹرول کی قیمت 150روپے فی لیٹر تک آجائے گی۔ ایف بی آر کرپشن کا گڑھ ہے، اس میں اصلاحات لائی جائیں۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی نے ’’حق دو عوام کو‘‘ کے سلوگن کے تحت ملک گیر پرامن مزاحمتی تحریک برپا کی ہے۔ جمہوری آزادیاں، بچوں کی تعلیم، عوام کے لیے صحت کی سہولتوں کی دستیابی، انصاف کی فراہمی، الیکشن اور لینڈاصلاحات، خواتین کیلیے وراثت کے حق، نوجوانوں کیلیے روزگار اور دیگر عوامی ریلیف کے اقدامات اس تحریک کا لانگ ٹرم ایجنڈا ہے، تحریک کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لیے ملک گیر ممبر شپ کمپین بھی شروع کی ہے جسے بھرپور عوامی پذیرائی مل رہی ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
26 اپریل کی ہڑتال امریکا، اسرائیل، بھارت کیخلاف ہے: حافظ نعیم الرحمٰن
حافظ نعیم الرحمٰن — فائل فوٹوامیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ 26 اپریل کی ہڑتال امریکا، اسرائیل اور بھارت کے خلاف ہے۔
انہوں نے پشاور میں تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پہلے سے ہی اسرائیل کو سپورٹ کر رہا ہے، بھارت مسلمانوں کے قتلِ عام میں شریک ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف سب کو ایک ہونا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت 10 کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں
ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ اختلاف ہے لیکن ملک کی بقاء کے لیے سب کو ایک ہونا چاہیے، ہم غیر مشروط طور پر حکومت کے ساتھ ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے یہ بھی کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کو اعتماد میں لے، اپوزیشن کو کسی سے بھی اختلافات ہوں لیکن ایسے موقع پر سب کو ایک ہونا چاہیے۔