کوٹری کے رہائشیوں کا پولیس زیادتیوں کیخلاف احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) گلشن شہباز کالونی کوٹری کے رہائشیوں نے کوٹری پولیس کی زیادتیوں کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے نو روز خان، اجمل خان اور دیگر کی قیادت میں احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات کوٹری پولیس اہلکاروں نے رات کی تاریکی میں چوروں کی طرح ہمارے گھروں میں داخل ہو کر گھروں میں موجود لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات، موٹر سائیکل اور ہمارے گھروں کے اصل کاغذات سمیت دیگر قیمتی سامان لوٹنے کے بعد ایک شخص علی شیربوزدار کو بھی اپنے ساتھ لے جا کر غائب کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے بلا جواز ہمارے گھروں پر چڑھائی کر کے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے اور اب ہمیں خاموش رہنے کے لیے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی حیدر آباد، ایس ایس پی جامشورو اور اربابِ اختیار سے اپیل کی کہ کوٹری پولیس اہلکاروں کے اس اقدام کا نوٹس لے کر واقعے کی انکوائری کروا کر گرفتار کیے گئے علی شیر بوزدار کو آزاد کیا جائے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
گھوٹکی: جرائم پیشہ عناصر سے رابطوں اور ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر 6 پولیس اہلکار برطرف
سندھ کے شہر گھوٹکی میں چھ پولیس اہلکاروں کو جرائم پیشہ عناصر سے رابطوں اور ڈیوٹی میں غفلت برتنے کے نتیجے میں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کے مطابق ایک پولیس اہلکار محمد ساجد کولاچی کو ڈاکوؤں سے تعلقات اور رابطے پر ملازمت سے برطرف کیا گیا جبکہ پانچ پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر اور غفلت برتنے پر برطرف کیا گیا۔
ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران ک کا کہنا ہے کہ برطرف اہلکاروں میں جمیل احمد مہر، ظہور احمد مہر، امید علی رک، امداد اللّٰہ مہر اور منظور حسین خلجی شامل ہیں۔
ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کا کہنا تھا کہ ضلع گھوٹکی کے تمام پولیس افسران و اہلکاروں اپنی ڈیوٹی کو یقینی بنائیں، فرائض میں غفلت برتنے والوں کی فورس میں جگہ نہیں ہے اور جرائم پیشہ عناصر سے رابطے میں رہنے والے اہلکاروں اور افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔