بانی پی ٹی آئی کرپٹ ثابت‘دنیا نے اصل چہرہ دیکھ لیا : عطا تارڑ
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی دنیا کے کرپٹ لیڈر ثابت ہو گئے، دنیا نے بانی کا اصل چہرہ دیکھ لیا، وہ کرپٹ لیڈر ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے حلقہ این اے 127 کی یونین کونسل 238 کے دورے کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہائی کورٹ میں کیس پر اپیل میں جائیں گے، تو یہ جہاں مرضی جائیں، ان کے پاس 190 ملین پائونڈ کا جواب نہیں ہے۔ جس طرح میں نے پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کو چیلنج کیا تو کوئی سامنے نہیں آیا، تاریخ میں سب سے بڑا 190ملین پائونڈ کا ڈاکا ڈالا گیا۔ مجرم اور حواریوں کو سزا ہوئی ہے۔ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے پاکستان کو پیسہ واپس کیا تو انہوں نے اپنی جیبوں میں پیسہ ڈال لیا، ڈکیتی کے بعد کہتے ہیں ہم نے تو یونیورسٹی میں سیرت النبی کی تعلیم دی، بتائیں تو سہی کون سا عالم وہاں دینی تعلیم دے رہا ہے؟۔ یہ تو مذہب کارڈ استعمال کرکے مذہب کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اب تم پر مہر لگ چکی، ہمیشہ ڈاکو رہو گے۔ ملک میں تقسیم کرکے سیاست کو زہر آلود کیا۔ وفاقی وزیر نے اپنے حلقے کے عوام سے خطاب میں کہا کہ اس علاقے میں گیس کا مسئلہ ہے، اسے حل کریں گے، عوام سے جو الیکشن میں وعدے کیے، ان وعدوں کو پورا کرنے آئے ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بانی پی ٹی آئی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپنے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے سانحہ میں ملوث ملزمان کے خلاف شواہد موجود تھے اور ان کے خلاف کارروائی کے لیے تمام ضروری معلومات اکٹھی کی گئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے یہ معلوم ہو گیا تھا کہ ان واقعات میں کون ملوث تھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوزیر ِاطلاعات نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں بانی پی ٹی آئی نے اپنے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کہنا کہ "ہم ریاست مدینہ کی بات کر رہے تھے، اس لیے سزا ہو گئی" ایک بے بنیاد دعویٰ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا تعلق مذہب یا ریاست مدینہ سے نہیں ہے بلکہ یہ ایک کرپشن کا کیس ہے جس میں شواہد کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا حق ہے کہ وہ مہم چلائیں، لیکن انہیں یہ قوم کو بتانا چاہیے کہ ان کے والد کو 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا ہوئی ہے۔ وہ جہاں جا رہے ہیں، وہاں لوگوں کو بتائیں کہ ہمارے والد کو 190 ملین پاونڈ کرپشن کیس میں سزا ہوئی ، وہ جس سے بھی ملیں تو یہ بتائیں کہ سیاسی نہیں بلکہ کرپشن کا کیس ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس ایک سیاسی کیس ہے، لیکن حقیقت میں یہ ایک کرپشن کیس ہے جس میں تمام شواہد موجود ہیں۔