راولپنڈی؛ کار چوری کرنے والے ملزمان میں سے ایک ہلاک، دو ساتھی فرار
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
راولپنڈی:
ٹیکسلا میں رات گئے کار چوری کر کے فرار ہونے والے ملزمان میں سے ایک ہلاک جبکہ دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق گزشتہ رات چرائی گئی مہران کار اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
ہلاک ملزم کی شناخت موسیٰ خان کے نام سے ہوئی جو کار چوری کی درجنوں وارداتوں میں لاہور اور راولپنڈی کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور سزایافتہ بھی تھا۔
پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران مشکوک گاڑی کو روکا تو ملزمان نے گاڑی بھگا دی، پولیس کے تعاقب کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کی۔ واقعے کی اطلاع پر سینیئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچنگ جاری ہے۔
ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے مسروقہ گاڑی برآمد کرنے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی پوٹھوہار، ایس ایچ او ٹیکسلا اور ٹیم کو شاباش دی۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس جرائم کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے، جرائم پیشہ عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
فیصل آباد: شہریوں کے فنگر پرنٹ چوری کرکے بینک اکاؤنٹ کھلوانے والا گروہ گرفتار
فائل فوٹو
فیصل آباد میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کے فنگر پرنٹ چوری کرکے بینک اکاؤنٹس کھلوانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ گروہ کے 4 ارکان سرگودھا سے گرفتار کیے گئے، ملزمان سے درجنوں ڈیجیٹل نشان انگوٹھا، موبائل سمز، ڈیوائسز اور برانچ لیس اکاؤنٹس برآمد کیے گئے ہیں۔
ترجمان نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملزمان انگوٹھے کے نشانات حاصل کرکے موبائل سمز جاری کرواتے تھے، متاثرہ افراد اپنے انگوٹھے کے نشان کے استعمال ہوجانے سے مکمل لاعلم ہوتے تھے، تحقیقات میں سرکاری اداروں میں چھپی کالی بھیڑیں بھی بےنقاب ہونے کا امکان ہے۔
سلیکون کی بجائے اب ڈیجیٹل طور پر نشان انگوٹھا کا استعمال کیا جانے لگا ہے، گرفتار 4 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہے۔