Nai Baat:
2025-11-05@02:33:10 GMT

عمرے کی ادائیگی…!

اشاعت کی تاریخ: 1st, February 2025 GMT

عمرے کی ادائیگی…!

(گزشتہ سے پیوستہ)
شارع ابراہیم خلیل پر بس سے اترنے کے بعد ہم نے ہوٹل مشاعر الذھبیہ کا رُخ کیا جو شارع پر بنے پاکستانی ہوٹل مطعم عرفات کے پہلو سے اوپر چڑھائی والے راستے پر کچھ فاصلے پر بنا ہوا ہے۔ اہلیہ محترمہ جو عرصے سے سانس کی مریضہ ہیں ان کے لیے اس چڑھائی پر چڑھنا آسان نہیں تھا، پھر بھاری سامان بھی ساتھ تھا لیکن بھلا ہوا عمران اور راضیہ کا جیسے تیسے چڑھائی چڑھ کر ہم ہوٹل کے استقبالیہ میں پہنچ گئے۔ شیر افضل صاحب ہمارے منتظر تھے ۔ ان سے ملاقات ہوئی، اُن کا کہنا تھا کہ وہ مغرب اور عشاء کی نمازوں کے بعد روزانہ کچھ وقت کے لیے یہاں موجود رہتے ہیں۔ ہم نے ان کا شکریہ ادا کیا اور استقبالیہ پر دوسری منزل پر اپنے کمرے (نمبر ۲۰۸) کی چابی لے کر اپنے سامان سمیت لفٹ کے ذریعے اوپر اپنے کمرے میں آ گئے۔ کمرے میں چار بیڈ لگے ہوئے تھے، جگہ کچھ تنگ تھی۔ مشکل سے ہم نے سامان کے اٹیچی وغیرہ رکھے ۔ عمران اور راضیہ نے صبح واپس مدینہ منورہ چلے جانا تھا ۔ اس لیے ہمیں کچھ جلدی بھی تھی۔ چنانچہ ہم آرام کیے بغیر کچھ ہی دیر میں وضو کر کے عمرے کی ادائیگی کے لیے مسجد الحرام جانے کے لیے تیار ہو گئے۔

ہوٹل سے نکل کر نیچے شارع ابراہیم خلیل پر آئے تو یہ شاہراہ (سڑک) جس کا شمار غالباً مکہ مکرمہ کی پُررونق اور پُر ہجوم سڑکوں میں ہوتا ہے بقعہِ نور بنی ہوئی تھی۔ تیز دودھیا روشنیاںاور وسیع و عریض شارع کے دونوں کناروں پر بلند و بالا ہوٹلوں کی عمارات ، مختلف اشیاء کی دکانیں اور چھوٹے بڑے کھانے پینے کے پاکستانی ہوٹل اس کے ساتھ دو طرفہ شارع (سڑک) پر مسجد الحرام کی طرف آنے جانے والوں کا ہجوم ۔ رات کے اس لمحے جب سامنے مکہ رائل کلاک ٹاور کی سوئیاں ابھی رات دو بجے کے ہندسوں کو نہیں چھو پا رہی تھیں یہاں دن کا سماں تھا۔ ہم شارع ابراہیم خلیل پرآگے کبوتر چوک کی طرف چلے۔ میں اور عمران آگے آگے اور اہلیہ محترمہ اور راضیہ پیچھے پیچھے آ رہی تھیں۔ دائیں طرف برقی سیڑھیوں سے اوپر چڑھ کر کبوتر چوک سے آگے ہوٹل دارالتوحید کے پہلو سے گزر کر ہم مسجد الحرام کے جنوبی سمت کے چھ نمبر کے مردانہ غسل خانوں والی عمارت کے باہر کھلے احاطے میں پہنچے۔ وہاں کئی لوگ فرش پر جائے نماز بچھائے ان پر بیٹھے یا لیٹے آرام کر رہے تھے۔ اس سے آگے مسجد الحرام کے مشہور گیٹ نمبر ۷۹ (باب الملک فہد) کے سامنے والامسجد الحرام کا کھلا احاطہ آ جاتا ہے جسے ضرورت کے مطابق تین چار فٹ اونچے مضبوط باڑ نما پلاسٹک سے بنے جنگلوں کے ذریعے نمازوں کی ادائیگی کے اوقات میں مختلف حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے تو اس کے ساتھ اس میں باب الملک فہد سے مسجد الحرام میں داخل ہونے والوں اور وہاں سے باہر آنے والوں کے لیے مختلف راستے بھی بنے ہوتے ہیں۔ ہم اس احاطے سے گزر کر باب الملک فہد سے مسجد الحرام کے اندر داخل ہو گئے۔
باب الملک فہد سے مسجد الحرام میں داخل ہو کر آگے کعبہ مشرفہ تک پہنچنے میں کچھ فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔ یہاں راستے کے ساتھ آبِ زم زم کے کولر ترتیب اور سلیقے سے رکھے نظر آتے ہیں۔ ہم یہاں پہنچے ، آبِ زم زم پیا، آگے چلے اور برقی سیڑھیوں سے اتر کر نیچے مسجد الحرام کے مطاف کی سطح کے فرش پر آ گئے۔ آگے پڑھے تو سامنے اللہ رب العزت کا مقدس ترین گھر کعبہ مشرفہ بقول اقبال ؎ "دنیا کے بُت کدوں میں پہلا وہ گھر خدا کا ” سیاہ سنہری غلاف میں لپٹا چاروں طرف سے پڑنے والی روشنیوں میں زمین سے آسمان کی وسعتوں تک نورانی جلوے بکھیر رہا تھا۔ کعبہ مشرفہ پر نظر پڑے تو یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ آنکھیں نہ بھیگیں اور آواز میں کپکپاہٹ پیدا نہ ہو، پھر جب اپنے گناہوں ، غلطیوں، کوتاہیوں، لغزشوں اور نامہِ اعمال کی سیاہی کا احساس بھی ہو تو پھر گِڑ گڑانے ، آنسو بہانے اور التجائیں کرنے کے سوا اور پیچھے کیا رہ جاتا ہے۔ مجھے یہ بھی احساس تھا کہ بارہ تیرہ دن قبل جب مسجد الحرام میں عمرے کے لیے داخل ہوئے تھے اور اللہ کریم کے پاک اور مقدس گھر پر نظر پڑی تھی تو وہیں رُک کر گِڑ گڑا کر دعائیں اور التجائیں کرنے میں شاید کچھ کمی رہ گئی تھی کہ میں ابھی جھولی پھیلا کر بارگاہ رب العزت میںدعائیں کر ہی رہا تھا کہ باقی لوگ مطاف کی طرف چل پڑے تھے اور مجھے بھی ان کا ساتھ دینے کے لیے آگے چلنا پڑا۔ اس بار اہلیہ محترمہ اور راضیہ کو اندازہ تھا کہ جلدی نہیں کرنی۔ چنانچہ خانہ کعبہ کو نظروں میں سمائے اللہ رحمان، رحیم اور کریم کے حضور بھیگی آنکھوں اور لڑ کھڑاتی آواز میں اپنی، مرحوم والدین، بال بچوں ، بہن بھائیوں ، عزیز و اقارب اور دوست احباب کے لیے مغفرت بخشش ، رحم و کرم، ہدایت اور خیر و برکت کی دعائیں کرنے کا اچھا موقع مل گیا۔

خانہ کعبہ کی جنوبی سمت رکنِ یمانی والی دیوار کے سامنے سے حجرِ اسودوالے کونے کی طرف چلتے ہوئے میں اور عمران ساتھ ساتھ تھے جبکہ اہلیہ محترمہ اور راضیہ ہم سے الگ ہو چکی تھیں۔ طے پایا تھا کہ خانہ کعبہ کے طواف کے سات چکر پورے کرنے کے بعد صفااور مروہ کے درمیان سعی کے دوران ہم اکٹھے ہو جائیں گے۔ مطاف میں حجرِ اسود کے سامنے ہم پہنچے تو حجرِ اسود کو چھونے یا بوسہ دینے کا کوئی موقع اور امکان نہیں تھا کہ اس کے قریب کافی بھیڑ تھی۔ دور سے ہی اس کی طرف رُخ کر کے دونوں ہاتھ اٹھا کر بسم اللہ اکبر کہہ کر اس کی طرف اشارہ کیا اورہاتھوں کو چوم لیا۔ اب خانہ کعبہ کے گرد طواف کے پہلے چکر کا آغاز ہو چکا تھا۔ عمران میرے آگے اور میں اس کی احرام کی چادر کاکونہ تھامے اس کے پہلو میں ذرا پیچھے چل رہا تھا۔ زبان پر تیسرے کلمے کا وِرد اور دعائیں اور التجائیں جاری تھیں ۔ خانہ کعبہ کے دروازے ملتزم کے سامنے لوگوں کا بہت رش تھا اور سامنے مقامِ ابراہیم کے پہلو سے گزرتے ہوئے مشکل در پیش تھی کہ وہاں بھی حسبِ معمول نوافل ادا کرنے والے بھی موجود تھے تو طواف کے چکر کاٹنے والے بھی آگے بڑھ رہے تھے۔ ہم پہلو بچا کر آگے نکلے تو بائیں طرف حطیم کا حصہ شروع ہو چکا تھا۔ اب چلتے ہوئے کسی حد تک کشادگی کا احساس ہو رہا تھا۔ ہم حطیم کی دیوار کے ساتھ قریب آ گئے اور اس پر ہاتھ رکھتے ہوئے آگے بڑھتے گئے۔ مطاف کے اگلے حصے میں پھر کچھ زیادہ بھیڑ تھی لیکن اللہ کریم کا کرم کہ ہم اس بھیڑ میں بھی رواں دواں رہے۔ خواہش تھی کہ خانہ کعبہ کے جنوب مشرقی سمت والے کونے میں رُکنِ یمانی کو ہاتھ لگا سکیں لیکن یہ بھی لوگوں کے ہجوم کی وجہ سے آسان نہیں تھا ۔ بس دل میں حسرت لیے اور زبان پر ربنا اٰتِنافیِ الدنیا۔۔کے کلمات جاری رکھے۔ آگے بڑھتے گئے اور حجرِ اسود کے سامنے پہنچ گئے ۔ طواف کا ایک چکر مکمل ہو چکا تھا۔ (جاری ہے)

.

ذریعہ: Nai Baat

کلیدی لفظ: مسجد الحرام کے اہلیہ محترمہ خانہ کعبہ کے اور راضیہ کے سامنے کے ساتھ داخل ہو رہا تھا کی طرف کے لیے تھا کہ

پڑھیں:

کراچی : معافی مانگنے پر پہلے ای چالان پر چھوٹ، 14دن میں ادائیگی پر جرمانہ آدھا کرنے کا فیصلہ

کراچی کے شہریوں کیلیے معافی مانگنے پر پہلا ای چالان منسوخ جبکہ 14 دن میں ادائیگی کی صورت میں چالان کی رقم پچاس فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت فیس لیس ای ٹکٹنک سسٹم اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے متعلق دوسرا جائزہ اجلاس سینٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔

جس میں ایڈیشنل آئی جیز کراچی ، ویلفیئرز ، ٹریننگ ، ڈی جیز ، سیف سٹی ، ڈی آئی جیز ہیڈ کواٹرز، سندھ پولیس ہائی وے پیٹرول ، اسٹیبلشمنٹ ، ڈی ایل برانچ ، ٹریفک کراچی ، آئی ٹی ، فنانس ، اے آئی جیز نے بالمشافہ جبکہ ڈویژنل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز نے ذریعہ وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ضلعی ٹریفک افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نئے ٹریفک قوانین و جرمانوں کا نفاذ صوبے بھر میں یکساں ہے ، صوبائی سطح پر بغیر نمبر پلیٹ چلنے والی گاڑیوں سمیت ٹریفک کی دیگر خلاف ورزیوں پر نئے قوانین کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ نئے ٹریفک قوانین کی 50 خلاف ورزیوں کا جرمانہ 5 ہزار روپے تک ہے جبکہ جرمانے کی 14 یوم کے اندر ادائیگی کی صورت میں 50 فیصد تک رعایت دی گئی ہے جبکہ 50 خلاف ورزیوں کا رعایتی جرمانہ  دو سے ڈھائی ہزار روپے تک ہے۔

انھوں نے کہا کہ آگاہی اور تنبیہہ کے باوجود جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں جرمانہ بالترتیب بڑھتا جائے گا جبکہ صوبے کے تمام اضلاع میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے متعلق شعور بیداری اور آگاہی مہم تیز کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ  ٹریفک شکایات سے متعلق ہر ضلع میں سہولت سینٹرز قائم کیے جائیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت 59 خلاف ورزیوں کو مانیٹر اور جرمانہ کیا جارہا ہے، صرف 9 انتہائی مہلک و سنگین خلاف ورزیوں پر 5 ہزار سے زائد جرمانہ مختص ہے جبکہ ون وے ، کم عمر بچوں کا ڈرائیونگ کرنا ، ون ویلنگ ، ڈرفٹنگ ،لائٹس کے بغیر ، غیر رجسٹرڈ گاڑیاں ، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ ، ٹریفک لائٹ سگنلز کی خلاف ورزی اور گاڑیوں کی غیر قانونی اوور ٹیکنگ سنگین خلاف ورزیوں میں شامل ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر بھاری گاڑیوں کے جرمانے کو موٹرسائیکل و کار کے جرمانوں سے منسوب کیا جارہا ہے، صرف کراچی میں ٹریفک جرمانوں سے متعلق شکایات کے لیے 11 مقامات پر سہولت سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر ایس پی ، سی پی ایل سی نمائندہ اور ڈی ایس پی ٹریفک یا متعلقہ افسران شکایت کا ازالہ کریںگے جبکہ چالان میں دیئے گئے جرمانہ سے متعلق شکایت کے ازالہ کا وقت جرمانہ کی مدت میں شمار نہیں ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ جرمانے کی اطلاع بذریعہ پاکستان پوسٹ، ایس ایم ایس سروس اور ایپلیکیشن سے کی جارہی ہے ، کراچی میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے روڈ سیفٹی اقدامات کا آغاز گزشتہ روز پیر سے شروع ہوگیا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • کراچی میں ایک ہی دن میں شہری کو پانچ چالان موصول
  • سپریم کورٹ کا متاثرہ خاتون کو نان نفقہ فوری ادا کرنے کا حکم
  • ہمارا 70 فیصد بجٹ قرضوں کی ادائیگی میں جا رہا ہے: مصدق ملک
  •  رضاکارانہ استعفا پر پینشن کی ادائیگی کے تنازع پر فیصلہ
  • کراچی، معافی مانگنے پر پہلے ای چالان پر چھوٹ، 14 دن میں ادائیگی پر جرمانہ آدھا کرنے کا فیصلہ
  • کراچی : معافی مانگنے پر پہلے ای چالان پر چھوٹ، 14دن میں ادائیگی پر جرمانہ آدھا کرنے کا فیصلہ
  • کراچی ، اسپتال کے اخراجات ادائیگی کیلئے نومولودکی فروخت کا انکشاف
  • کراچی میں اسپتال کے اخراجات کی ادائیگی کیلیے نومولود بچہ فروخت کرنے کا انکشاف