لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے دائر درخواستوں پر فریقین سے جواب طلب
اشاعت کی تاریخ: 1st, February 2025 GMT
کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق دائر درخواستوں پر فریقین سے دوہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔
سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس صلاح الدین پہنور نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت پولیس کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ لاپتہ شہری جاوید، نعیم، یونس خان اور سلیم الرحمان کی گمشدگی کے مقدمات درج کر لیے ہیں، لاپتہ افراد کا سراغ نہیں لگایا جا سکا تاہم تلاش جاری ہے۔
جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس میں کہا کہ پولیس کو یہ تو معلوم ہونا چاہیے بندہ مرگیا ہے یا زندہ ہے، وقت ضائع کیے بغیر گمشدہ شہریوں کا سراغ لگانا ضروری ہے۔
بعدازاں عدالت نے پولیس کو لاپتہ شہریوں کا سراغ لگانے کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت دے دی اور آئی جی سندھ، سیکرٹری داخلہ اور دیگر کو دو ہفتوں میں تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: لاپتہ افراد
پڑھیں:
افواج پاکستان کے 4 ریٹائرڈ سینئر افسران کی بانی سے ملاقات کیلئے درخواست دائر
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں افواج پاکستان کے 4 ریٹائرڈ سینئر افسران نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے درخواست دائر کردی۔
درخواست ایڈووکیٹ احسن ایاز خان کی جانب سے دائر کی گئی، ملاقات کی درخواست کرنے والوں میں میجر جنرل ریٹائرڈ مسعود برقی، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ زاہد اکبر، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سکندر افضل اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فاروق خان شامل ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ہماری طویل ایسوسی ایشن رہی ہے، بانی پی ٹی آئی سے چند اہم امور پر ملاقات کرنی ضروری ہے، اہم ملاقات کی اجازت دے دی جائے، اہم اور قومی ایشوز پر جلد از جلد ملاقات کا انتظام کروایا جائے، بانی پی ٹی آئی سے اہم امور پر مشاورت کرنی ہے۔
عدالتی عملے نے ملاقات سے متعلق درخواست وصول کرلی، درخواست اے ٹی سی جج امجد علی شاہ کی عدالت میں دائر کی گئی ہے۔