صدر زرداری کی لزبن میں پرنس رحیم سے ملاقات، پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر تعزیت
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں اسماعیلی کمیونٹی کے 50 ویں امام پرنس رحیم آغا خان سے ملاقات کی اور پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر تعزیت کی۔صدرمملکت نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم ایک سچے دوست اور عظیم انسان دوست شخصیت سے محروم ہونے پر سوگوار ہے۔صدرمملکت مرحوم آغا خان کے پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں کردار کو سراہا اور کہا کہ مرحوم آغا خان کی دوراندیش قیادت نے پاکستان اور دنیا کے دیگر خطوں میں لوگوں کی زندگیوں کو بہترکیا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چین کے سرکاری دورے کے دوران آغا خان کے انتقال کی خبر ملی، مرحوم آغا خان کی انسانیت کے لیے زندگی بھر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے لزبن آیا ہوں، انسانیت کے لیے مرحوم آغا خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، امید ہے کہ پرنس رحیم الحسینی انسانیت کی خدمت کا اپنے والد کا مشن جاری رکھیں گے۔خیال رہےکہ پرنس کریم آغا خان 88 برس کی عمر میں 4 فروری کو انتقال کرگئے تھے، پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا اور ان کی تدفین مصر کے شہر اسوان میں ہوئی۔پرنس کریم آغا خان 1936 میں پیدا ہوئے، پرنس کریم آغا خان کے 3 بیٹے رحیم آغاخان، علی محمد آغا خان اور حسین آغا خان اور ایک بیٹی زہر ا آغا خان ہیں۔پرنس کریم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام تھے، پرنس کریم آغا خان نے 20 سال کی عمرمیں 1957 میں امامت سنبھالی تھی۔پرنس کریم آغا خان نے آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ذریعے دنیا کے مختلف خطوں میں فلاحی اقدامات کیے، انہیں مختلف ممالک اوریونیورسٹیوں کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزازات اور اعزازی ڈگریوں سے نوازا گیا۔پرنس کریم نے پاکستان کی ترقی کے لیے بھی مثالی خدمات انجام دیں، مثالی خدمات پر انہیں نشان پاکستان اور نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: آغا خان کے
پڑھیں:
سابق وزیراعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی کا انتقال: زرداری، شہباز‘مراد شاہ کا افسوس
کراچی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ، نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی علالت کے باعث انتقال کرگئے۔ اہلخانہ کے مطابق ان کا انتقال کراچی میں ہوا۔ مرحوم آفتاب شعبان میرانی کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی۔ مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹا اور تین بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ آفتاب شعبان میرانی کا شمار پی پی کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ بینظیر بھٹو شہید کے قریبی ساتھیوں میں شامل رہے۔ ان کا تعلق ضلع شکار پور کے بااثر سیاسی خاندان سے تھا۔ 1990ء کی دہائی میں وزیراعلیٰ سندھ بعد ازاں وزیر دفاع بھی رہے۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور لواحقین کے لئے صبر کی دعا کی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے بھی سابق وزیراعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔