سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ دو پاکستانی نوجوان جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے ٹریفک حادثے میں دو پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ریاض میں ہونے والے ٹریفک حادثے میں دو نوجوان ارسلان اور ناصر علی جاں بحق ہوئے جو خیبرپختونخوا کی تحصیل مردان کے رہائشی تھے۔دونوں کی میتیں مردان کے علاقے تخت بھائی کے گاؤں ہاتھیان پہنچائیں گئیں جہاں شام پانچ بجے ریلوے اسٹیشن پر نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔
اہل خانہ کے مطابق دونوں نوجوان پڑوسی تھے اور سعودی عرب کے شہر ریاض میں موٹر سائیکل اورموٹر کار کے تصادم میں نتیجے میں مارے گئے۔ ارسلان کی عید کے بعد شادی طے ہوئی تھی اور گھر میں اس کی تیاریاں جاری تھیں لیکن خوشی غم میں بدل گئی، وہ دونوں گہرے دوست تھے اور گذشتہ چار سالوں سے ریاض میں محنت مزدوری کے سلسلے میں مقیم تھے اور عیدالفطر کو گھر آنے والے تھے۔نوجوانوں کی حادثاتی موت پر علاقے کی فضا سوگوار جبکہ والدین غم سے نڈھال ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ریاض میں
پڑھیں:
کرک میں ہائی وے پر ناکہ بندی کرنے والے دہشت گردوں کیخلاف سی ٹی ڈی اور پولیس کی کارروائی، 1 ہلاک
انسداد دہشت گردی فورس اور پولیس نے کرک میں ہائی وے پر ناکہ بندی کرنے والے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا کوہاٹ ریجن اور ڈسٹرکٹ پولیس کرک نے خفیہ اطلاع پر تخت نصرتی کے علاقے مدکی روڈ پر دہشت گردوں کے خلاف ایک کامیاب مشترکہ کارروائی کی۔
سی ٹی ڈی کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں مسلح دہشت گردوں نے ناکہ بندی کر رکھی ہے اور گزرنے والے مسافروں کی تلاشی لے رہے ہیں۔
اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی سوات کی ٹیموں اور پولیس کی بھاری نفری نے فوری طور پر علاقے کا گھیراؤ کیا۔ پولیس کی موجودگی کا علم ہوتے ہی دہشت گردوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
جس پر پولیس نے حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت مؤثر جوابی کارروائی کی۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً پچیس منٹ تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔
بعد ازاں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران علاقے سے ایک کلاشنکوف، دو میگزین، ایک دستی بم اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔ پولیس نے موقع پر اضافی نفری طلب کرکے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے جبکہ فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائی صوبے میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جاری حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔