نیل نتن مکیش نے شاہ رخ خان کی ‘شٹ اپ’ کہہ کر بے عزتی کیوں کی؟ اداکار کا بڑا انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 2nd, March 2025 GMT
ممبئی: بھارتی اداکار نیل نتن مکیش نے حالیہ انٹرویو میں وضاحت دی کہ انہوں نے 2009 کے فلم فیئر ایوارڈز میں شاہ رخ خان کو شٹ اپ چپ رہنے کے لیے نہیں کہا تھا بلکہ یہ ایک شو کا حصہ تھا۔
انٹرویو میں نیل سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے واقعی شاہ رخ خان کو "شٹ اپ" کہہ کر بے عزتی کی تھی؟ جس پر اداکار نے کہا: "میرا یقین بہت سادہ ہے، میں اپنے سینئرز کا بے حد احترام کرتا ہوں اور شاہ رخ سر کی بہت عزت کرتا ہوں۔ میں کبھی ان سے بدتمیزی نہیں کر سکتا۔ وہ ایک شو تھا اور وہاں کئی چیزیں چل رہی تھیں، اس لیے اس بات کو زیادہ سنجیدہ نہ لیا جائے۔"
نیل نے مزید کہا کہ وہ اپنی فیملی کی عزت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اگر لوگ ان کے والد اور دادا (گلوکار مکیش) کا مذاق بنانا چاہتے ہیں تو وہ بنا سکتے ہیں، لیکن مجھے فخر ہے کہ ہم ‘100 سالِ مکیش’ منا رہے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ ان کا خاندان کون ہے، اور ان کیلئے یہی کافی ہے۔
ایوارڈ شو کے دوران شاہ رخ خان نے نیل نتن مکیش کے نام پر مذاق کرتے ہوئے کہا: "تمہارا نام نیل نتن مکیش ہے، لیکن تمہارا سرنیم کہاں ہے؟ تمہارے نام میں تو سارے پہلے نام ہیں!"
اس پر نیل نے جواب دیا: "سر، یہ بہت اچھا سوال ہے، لیکن میں کچھ کہہ سکتا ہوں؟" شاہ رخ کے اجازت دینے پر نیل نے کہا: "یہ میرے لیے توہین آمیز بات ہے، میرا والد بھی یہاں بیٹھا ہے۔ مجھے لگتا ہے آپ سب کو چپ رہنا چاہیے، معذرت!"
نیل نتن مکیش حال ہی میں فلم "حساب برابر" میں نظر آئے۔ یہ ایک سیاسی طنزیہ ایکشن-کامیڈی فلم ہے جس میں آر مادھون، کرتی کھلاری، رشمی دیسائی اور فیصل رشید نے اہم کردار ادا کیے۔
فلم میں ایک ریلوے ٹکٹ چیکر کی کہانی دکھائی گئی ہے جو بینک کے معمولی لین دین میں گڑبڑ پکڑ کر بڑے کرپشن اسکینڈل کو بے نقاب کرتا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نیل نتن مکیش شاہ رخ خان
پڑھیں:
سینئر اداکار فردوس جمال کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا
پاکستان شوبز کے صدارتی ایوارڈ یافتہ سینئر اداکار فردوس جمال کو دلدار پرویز بھٹی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سینئر اداکار فردوس جمال کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازنے کیلئے فن، ادب اور مزاح کے شہسوار نامور ٹی وی میزبان دلدار پرویز بھٹی کی یاد میں الحمرا ہال لاہور میں ایک رنگا رنگ ایوارڈ شو کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں فردوس جمال، محسن گیلانی سمیت نامور فنکاروں اور ممتاز گلوکاروں کی پرفارمنس نے ایوارڈ شو کی شان بڑھا دی۔ لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں ہونے والی تقریب میں دلدار بھٹی لوورز فورم کے روح رواں میاں فراز، فلمی ہیرو التمش بٹ، پنجاب تھیٹر آرٹسٹ پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے چیئرمین قیصر ثنا اللہ، گلوکارہ شیزا جہاں، بی اے شاکر ، سدرہ نور سمیت نامور فنکاروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تقریب میں نامور گلوکاروں کی جانب سے شاندار پرفارمنس بھی پیش کی گئی جس نے محفل میں سماں باندھ دیا۔ تقریب نے نہ صرف دلدار پرویز بھٹی کی فنی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا بلکہ فن و ثقافت سے جڑے چہروں کو ایک بار پھر روشنیوں میں لا کھڑا کیا۔
تقریب میں سینئر اداکار فردوس جمال کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ علیشا جعفری، مون پرویز، محسن گیلانی سمیت دیگر فنکاروں کو دلدار بھٹی ایوارڈز پیش کیے گئے۔