کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی
اشاعت کی تاریخ: 4th, March 2025 GMT
رواں سال ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 16 ہو گئی۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی۔ رواں سال ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 16 ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے علاقے قائدآباد ریڈیو پاکستان مچھلی مارکیٹ کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر پہلے قریبی اسپتال اور پھر جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، لیکن وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔ مقتول کی شناخت 57 سالہ محمد عمران فیروز کے نام سے کی گئی۔ مقتول محمد عمران گولیمار چورنگی کے قریب واقع ملا احمد حلوائی کے عقب میں رہائش پذیر اور لانڈھی صنعتی ایریا میں واقع نجی ٹیکسٹائل مل میں اکاؤنٹنٹ تھا۔
ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن راجہ عباس نے بتایا کہ مقتول اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ ہائی روف گاڑی میں سوار ہو کر قائدآباد ریڈیو پاکستان مچھلی مارکیٹ کے قریب رکا۔ مقتول بسم اللہ گیس سلنڈر کی دکان سے سلنڈر خریدنے کیلئے اتر رہا تھا کہ اسی دوران 125 موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ڈاکو موقع پر پہنچ گئے۔ ڈاکوؤں کو دیکھ کر مقتول ہائی روف کی جانب دوڑا، لیکن ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ مسلح ملزمان ہائی روف گاڑی میں موجود سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ اور رقم سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوگئے، پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے، جبکہ مقتول کو ایک ہی گولی لگی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
گلشن اقبال میں نالے کی صفائی کے دوران پانی کی لائن پھٹ گئی
کراچی:گلشن اقبال بیت المکرم مسجد کے قریب نالے کی صفائی کے دوران ڈسٹری بیوشن کی 8 انچ پانی کی لائن پھٹ گئی۔
لائن پھٹنے کے باعث ہزاروں گیلن پانی ضائع ہو رہا ہے تاہم ضائع ہونے والے پانی کی نالے اندر ہی نکاسی ہورہی ہے، یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔
واقعے کی اطلاع واٹر کارپوریشن حکام کو دے دی گئی ہے اور مرمت کا عمل جلد شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ چند ہفتے قبل جامعہ کراچی میں واٹربورڈ کی 84 انچ پائپ لائن پھٹنے سے کراچی کے بیشتر علاقے 15 دن تک پانی سے محروم رہے تھے۔