پاکستان سرحد پار دہشتگردی کا شکار، جعفر ایکسپریس پر حملے میں افغان سرزمین استعمال ہوئی، دفتر خارجہ
اشاعت کی تاریخ: 13th, March 2025 GMT
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملے میں افغانستان کی سرزمین استعمال ہوئی ہے، جبکہ اس واقعے کے دوران ٹریس شدہ کالز میں افغانستان سے رابطوں کا سراغ ملا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان سرحد پار سے دہشت گردی کا شکار ہے ، جعفر ایکسپریس پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کے بیرون ممالک رابطے تھے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت کثیر الجہتی حکمت عملی پر گامزن ہے، ہم نے ابھی جعفر ایکسپریس ٹرین دہشت گردی پر ریسکیو آپریشن مکمل کیا ہے، ماضی میں بھی ہم ایسے واقعات کی مکمل تفصیلات افغانستان کے ساتھ شئیر کرتے رہتے ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا کہ افغانستان پر ہماری بنیادی ترجیح دوستانہ و قریبی تعلقات کا فروغ ہے،اس سمت میں تعلقات کا تسلسل اہم ہے، انہوں نے کہاکہ ہندوستان پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث رہا ہے، ہماری پالیسی میں اس حوالے سے کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم طورخم سرحد کو کھلا رکھنا چاہتے ہیں، یہ پروپیگنڈا ہے کہ پاکستان طورخم سرحد کو کھلنے نہیں دے رہا، افغانستان کی جانب سے پاکستانی سرحد کے اندر چوکی بنانے کی کوشیش کی جا رہی تھی۔
امریکا میں پاکستانیوں پر متوقع پابندیوں کی اطلاعات قیاس آرائیوں پر مبنی قرار
انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکا میں پاکستانی شہریوں کے داخلے پر متوقع پابندیوں کی خبروں کا نوٹس لیا ہے، اس طرح کی اطلاعات قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسپین میں گرفتار پاکستانی شہریوں میں سے 4 کو عدالتی احکامات پر رہا کیا گیا، بقیہ قیدیوں تک ملاقات کے لیے قونصلر رسائی کی درخواست کی گئی ہے، ابھی تک قونصلر رسائی کی اجازت نہیں ملی۔
حکومت سفیر احسن وگن کے معاملے کی مکمل تحقیقات کررہی ہے
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ سفیر احسن وگن نجی دورے پر امریکا جا رہے تھے، احسن وگن نے چھٹی لی تھی اور وزارت خارجہ کو دورہ امریکا پر باقاعدہ آگاہ کیا تھا، وہ نجی دورے پر سفارتی حیثیت کے متقاضی نہیں تھے، ابتدائی اسکریننگ کے بعد ان کی دوسری اسکریننگ ہوئی،انہیں واپس جانے کی اجازت دے دی گئی تھی، حکومت اس معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے۔
شفقت علی خان نے مزید بتایا کہ ڈپٹی وزیراعظم نے جدہ میں او آئی سی سی ایف ایم کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کی، انہوں نے فلسطینیوں کی دیگر ممالک منتقلی کے منصوبے کی مخالفت کی۔
ترجمان کے مطابق اسحٰق ڈار نے ترکیہ، مصر، بنگلہ دیش، آزربائیجان اور انڈونیشیا کے وزرا اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مغربی کنارے اور غزہ میں مخاصمتوں کو فوری روکنے پر زور دیتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان عوامی ایکشن کمیٹی اور جمون و کشمیر اتحاد المسلمین پر بھارتی پابندیوں کی شدید مذمت کرتا ہے،اب تک بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں پابندی شدہ جماعتوں کی تعداد 16 ہو چکی ہے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ترجمان دفتر خارجہ نے شفقت علی خان نے جعفر ایکسپریس انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کہا کہ
پڑھیں:
سیکیورٹی خدشات: پشاور سےکوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد میں روک لیا گیا۔
پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو سیکیورٹی خدشات کے باعث جیکب آباد میں روک لیا گیا۔ریلوے حکام کے مطابق میرپور ماتھیلو میں مال گاڑی کے پٹڑی سے اترجانے کے باعث ٹرینوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی تھی جس کے باعث جعفر ایکسپریس 14 گھنٹے تاخیر سے جیکب آباد پہنچی۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ رات کے وقت سیکیورٹی خدشات کے باعث جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد روک دیا گیا ہے۔صورتحال درست ہوتے ہی جعفر ایکسپریس کو کوئٹہ کے لیے روانہ کیا جاناہے ۔