خیبرپختونخوا گندم اسکینڈل: محکمہ خوراک کے دو افسران کی ضمانت مسترد
اشاعت کی تاریخ: 19th, March 2025 GMT
پشاور:
اینٹی کرپشن عدالت نے گندم اسکینڈل میں ملوث محکمہ خوراک کے دو افسران کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج اینٹی کرپشن عدالت میں محکمہ خوراک کے افسران عاطف خان اور جنید باچا کی ضمانت درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے دونوں افسران کی درخواست مسترد کردی۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان اضاخیل کے سرکاری گودام میں تعینات تھے اور دیگر ملزمان کے ساتھ ملی بھگت کرکے گودام سے 30 ہزار سے زائد گندم کی بوریاں غائب کیں، جس سے قومی خزانے کو 19 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق انکوائری کے بعد چھ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد دونوں درخواست گزاروں کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کی ضمانت
پڑھیں:
کراچی کا سرکاری اسکول ریسٹورنٹ مالک کو دینے کی تیاری
کراچی: شہر قائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں قائم سرکاری اسکول کو ایک بار پھر نہاری ہائوس کے مالک کو دینے کی تیاری کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری اسکول کی عمارت کو خستہ حال قرار دے کر اہل علاقہ کے نام سے ایس پی گلبرگ کو درخواست دے دی گئی ہے۔جس پر 25 جولائی کو محکمہ تعلیم سندھ نے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری سے جاوید میاں کی اسکول خالی کرنے کی درخواست پر کمنٹس مانگے ہیں۔
محکمہ تعلیم کے سیکشن آفیسر نے 21 اگست کو ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری کو خط لکھ کر متعلقہ حکام سے رائے طلب کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس پی کو درخواست موصول ہونے کے بعد پولیس کی نفری اسکول پہنچ چکی ہے اور اس کی عمارت کو جاوید میاں کی ملکیت ظاہر کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کچھ علاقہ مکینوں کے تحفظات کے بعد عدالتی تفصیلات بھی منگوائی گئی ہیں۔
دوسری جانب ڈائریکٹر اسکولز بشیر عباسی نے اسکول خالی کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عمارت خالی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، محکمہ کی جانب سے ایسے خطوط معمول کی بات ہیں۔