مشہور بھارتی فلمساز کیخلاف ہندو مخالف تبصرے کے الزام میں مقدمہ درج
اشاعت کی تاریخ: 11th, April 2025 GMT
معروف بھارتی فلمساز رام گوپال ورما کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کروا دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آندھرا پردیش میں فلمساز رام گوپال ورما کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر اور ہندو مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں پولیس شکایت درج کی گئی ہے۔
یہ شکایت راشٹریہ پراجا کانگریس کے صدر اور ہائی کورٹ کے وکیل میدھا سرینیواس نے تھری ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں جمع کرائی، جس کے ساتھ فیس بک اور یوٹیوب پر اپلوڈ کی گئی ویڈیوز اور دیگر سوشل میڈیا پوسٹس بھی بطور ثبوت پیش کی گئیں ہیں۔
View this post on InstagramA post shared by Filmymantra Media (@filmymantramedia)
میدھا سرینیواس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رام گوپال ورما کی جانب سے دیے گئے بیانات اور پوسٹس نہ صرف ’وحشیانہ‘ ہیں بلکہ سماجی ہم آہنگی اور عوامی اتحاد کے لیے خطرہ بھی بن سکتے ہیں۔
انہوں نے ہدایتکار پر الزام لگایا کہ رام گوپال ورما نے ہندو دیوتاؤں اور مقدس کتابوں بشمول رامائن اور مہابھارت کا مذاق اڑایا ہے۔
سرینیواس نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس بھارتیہ نیایا سنہیتا کی متعلقہ دفعات کے تحت فلمساز کیخلاف کارروائی کرے۔ پولیس حکام کے مطابق شکایت اور فراہم کردہ شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضروری قانونی اقدام پر غور کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رام گوپال پر مبینہ طور پر سابق وزیر اعلیٰ چاندرا بابو نائیڈو، ان کے بیٹے نارا لوکیش اور بہو برہمنی پر توہین آمیز تبصرے کرنے پر مقدمہ درج کیا جاچکا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پی ٹی آئی 65 رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کیلئے ٹیمیں تشکیل
راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے عدالتی وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی۔
پولیس ٹیموں نے سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعلی کے پی کے، علیمہ خان سمیت دیگر رہنماوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کردئیے۔
ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ 26 نومبر احتجاج کے حوالے سے تھانہ صادق آباد، واہ کینٹ اور نصیر آباد کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پی ٹی آئی کے 65 رہنماؤں و کارکنان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش ہونے پر وارنٹ جاری کئے گئے۔
تھانہ صادق آباد کے مقدمہ میں 28 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، تھانہ واہ کینٹ کے مقدمہ میں 18 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، جبکہ نصیر آباد کے مقدمہ میں 19 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔
ملزمان میں سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، علی امین گنڈا پور، علیمہ خان، عمر ایوب، زبیر نیازی، فرخ محمد سیال، حماد اظہر، مطیع اللہ شاہ، کنول شوزف، شیخ وقاص اکرم، اعجاز خان جازی، کرنل اجمل صابر، عامر مغل، سردار منصور، میاں اسلم اقبال بھی شامل ہیں۔
تھانہ صادق آباد کے مقدمہ میں 18 دیگر ملزمان کے عدم حاضری کی بنیاد پر وارنٹ بھی جاری ہوئے، ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل، مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں، عدالتی حکم پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا۔