ٹرمپ انتظامیہ کا سخت قدم: ہارورڈ یونیورسٹی کا ٹیکس استثنیٰ ختم
اشاعت کی تاریخ: 17th, April 2025 GMT
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کا ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ٹرمپ انتظامیہ نے انٹرنل ریونیو سروس (IRS) کو ہدایت دی ہے کہ ہارورڈ کو حاصل خیراتی تعلیمی ادارے کا درجہ واپس لے لیا جائے۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ ہارورڈ کی 2 ارب ڈالر سے زائد وفاقی امداد بھی منجمد کر چکے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کا مؤقف تھا کہ ہارورڈ یونیورسٹی کو کیمپس میں یہود دشمنی روکنے کے لیے داخلوں، تدریس اور ملازمتوں کے عمل میں تبدیلی لانا ہوگی، مگر یونیورسٹی نے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت ادارے پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتی ہے۔
ٹیکس استثنیٰ کا درجہ امریکا میں عام طور پر خیراتی، مذہبی، تعلیمی اور فلاحی اداروں کو حاصل ہوتا ہے، بشرطیکہ وہ سیاسی سرگرمیوں سے دور رہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہارورڈ کے خلاف فی الحال کوئی واضح ثبوت موجود نہیں، اور IRS کو غیر جانبدار رہنا چاہیے۔
امریکی میڈیا کے مطابق، ٹرمپ پہلے ہی IRS میں سیاسی تقرریاں کرچکے ہیں، جس پر تنقید جاری ہے۔ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ایپ "ٹروتھ سوشل" پر لکھا کہ "ہارورڈ اب معیاری ادارہ نہیں، یہ ایک مذاق ہے جو نفرت اور حماقت سکھاتا ہے، اور اسے مزید فنڈنگ نہیں ملنی چاہیے۔"
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پی آئی اے کا متبادل انتظامات کے تحت فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال ہوگیا ۔ پی آئی اے کی انتظامیہ نے متبادل انتظامات کے تحت فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے۔پی کے 245 اسلام آباد تا دمام اور پی کے 761 اسلام آباد تا جدہ کی پروازیں روانہ کر دی گئی ہیں، جبکہ دیگر متاثرہ پروازوں کی ٹیک آف کلیئرنس بھی جلدی سے فراہم کی جا رہی ہے۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ائیرپورٹ پر کسی بھی طبقے کو مسافروں کو مزید مشکلات میں ڈالنے یا پروازوں کی روانگی میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے کے ائیرکرافٹ انجینئرز کے ساتھ پیدا ہونے والے تنازع کے باعث قومی ائیرلائن کی پروازوں کا آپریشن رک گیا تھا۔انجینئرز نے سی ای او پی آئی اے کے رویے پر اعتراض کرتے ہوئے طیاروں کی کلیئرنس روک دی تھی، جس سے پی آئی اے کی پروازوں کو شدید متاثر ہونا پڑا۔ اس ہڑتال کے نتیجے میں گزشتہ رات 8 بجے کے بعد پی آئی اے کی 12 بین الاقوامی پروازیں روانہ نہیں ہو سکیں، جس کے باعث مسافروں خاص طور پر عمرہ زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سوسائٹی آف ائیرکرافٹ انجینئرز نے کہا ہے کہ وہ تب تک کام نہیں کریں گے جب تک قومی ائیرلائن کے سی ای او کا رویہ تبدیل نہیں ہو جاتا۔اس صورتحال کے باوجود، پی آئی اے انتظامیہ نے اپنی کوششیں تیز کر دیں ہیں تاکہ متاثرہ مسافروں کو جلد از جلد سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔