UrduPoint:
2025-05-08@08:10:49 GMT

پاکستان میں بھارتی افواج کے اہداف کیا تھے؟

اشاعت کی تاریخ: 7th, May 2025 GMT

پاکستان میں بھارتی افواج کے اہداف کیا تھے؟

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 07 مئی 2025ء) بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کیے گئے حملوں کا ہدف ''دہشت گردوں‘‘ کے ٹھکانے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ بنیادی طور پر دو گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں لشکر طیبہ اور جیش محمد شامل ہیں۔

تاہم پاکستان کا کہنا ہے کہبھارتی حملے دراصل شہری علاقوں میں کیے گئے، جن کے نتیجے میں عام شہری ہی مارے گئے۔

آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں کہ لشکر طیبہ اور جیش محمد کی تاریخ کیا ہے؟

لشکر طیبہ کیا ہے؟

لشکر طیبہ جسے ''پاک لشکر‘‘ بھی کہا جاتا ہے، عالمی سطح پر ایک دہشت گرد گروہ قرار دیا جاتا ہے۔ سن 1987 میں حافظ سعید نے اپنے کچھ ساتھیوں کے ہمراہ اس گروہ کی بنیاد رکھی تھی۔

(جاری ہے)

اس عسکریت پسند تنظیم کی اساس کشمیر میں بھارتی حکمرانی کے خلاف لڑائی پر مرکوز ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق یہ گروہ سن 1993 سے متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہا ہے، جن میں نومبر سن 2008 میں ممبئی میں ہونے والے حملے بھی شامل ہیں۔

اس خونریز کارروائی میں 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حافظ سعید ممبئی حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کر چکے ہیں۔

بھارتی فورسز نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان میں کی گئی اپنی تازہ کارروائیوں میں لاہور کے قریب مریدکے میں واقع 'مرکز طیبہ‘ کو بھی نشانہ بنایا، جو مبینہ طور پر لشکر طیبہ کا ہیڈ کوارٹر ہے۔

بھارت کے مطابق ممبئی حملہ آوروں کو تربیت اسی سینٹر میں دی گئی تھی۔

پاکستان کا مؤقف ہے کہ اس گروپ پر پابندی لگا دی گئی ہے اور اسے غیر فعال کر دیا گیا ہے۔ حافظ سعید سن 2019 میں گرفتار ہوئے اور انہیں دہشت گردی کی مالی معاونت کے کئی مقدمات میں 31 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

جیشِ محمد کی تاریخ کیا ہے؟

پنجاب میں قائم جیش محمد کی بنیاد مسعود اظہر نے سن 1999 میں اس وقت رکھی، جب انہیں بھارت میں قید سے ایک فضائی جہاز کے اغوا کے بدلے رہائی ملی۔

اس طیارے کو اغوا کرکے افغانستان کے شہر قندھار لے جایا گیا تھا۔

پاکستان نے سن 2002 میں اس گروپ پر پابندی لگا دی تھی تاہم امریکا اور بھارت کا مؤقف ہے کہ یہ تنظیم اب بھی کھلے عام کام کر رہی ہے۔

بھارت کا کہنا ہے کہ اس نے بہاولپور میں واقع 'مرکز سبحان اللہ‘ پر حملہ کیا، جو جیش محمد کا مرکزی دفتر قرار دیا جاتا ہے۔

یہ گروپ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں کئی خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکا ہے۔

تاہم گزشتہ برسوں میں وادی کشمیر میں پرتشدد کارروائیوں میں کمی آئی ہے۔

مسعود اظہر طویل عرصے سے منظرِ عام سے غائب ہیں، لیکن وقتاً فوقتاً ان کے بہاولپور کے قریب موجود ہونے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں، جہاں وہ مبینہ طور پر ایک مذہبی ادارہ چلاتے ہیں۔

جیش محمد نے بدھ کے روز تصدیق کر دی کہ بھارتی حملوں میں اس تنظیم کے سربراہ مسعود اظہر کے 10 رشتہ دار اور ساتھی ہلاک ہوئے ہیں۔ تنظیم کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ ہلاکتیں بہاولپور میں جیش محمد کے مبینہ ہیڈ کوارٹر 'مرکز سبحان اللہ‘ پر کیے گئے حملے کے نتیجے میں ہوئیں۔

ادارت: شکور رحیم

.

ذریعہ: UrduPoint

کلیدی لفظ: تلاش کیجئے

پڑھیں:

معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا مکمل حساب لیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی(نیوز ڈیسک)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا مکمل حساب لیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارت نے معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنایا یہ دہشت گردی نہیں تو اور کیا ہے، یہ معصوم بچے جنہوں نے ابھی زندگی کی بہاریں دیکھنی تھیں کیا یہ ہیں وہ دہشت جن کو بھارت نے 6 اور 7 مئی کی شب نشانہ بنایا، اس کی آپ بھارت سے توقع کرسکتے ہیں، یہ ہم پہلے بھی دیکھ چکے ہیں کہ کس طرح بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، اور اس کے شواہد بھی دنیا کے سامنے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب ریاست پاکستان نے دہشت گردوں پر زمین تنگ کرنی شروع کی تو وہ خود اپنی فوج کے ساتھ دہشت گردی کی کارروائی پر اتر آیا، جو معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا، یہ دہشت گردی نہیں تو اور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ثابت ہوچکا ہے کہ بین الملکی دہشت گردی اور قتل کی وارداتوں میں بھارت کس طرح ملوث ہے اور یہ بات دنیا کے سامنے شواہد کے ساتھ ثابت ہوچکی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی فوج نے پاکستان میں مختلف مقامات پر مساجد کو نشانہ بنایا اور قرآن پاک شہید کیے گئے، وہ کون سا مذہب ہے جو دوسرے مذاہب کی عبادت گاہوں اور ان کی مقدس کتابوں کو شہید اور بے حرمتی کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں فوجی اہداف کو چُنا نہ کہ بھارت کی طرح بچوں کو نشانہ بنایا اور یہ وہ فوجی اہداف تھے جن کا مقصد پاکستان کی خودمختاری اور اس کے شہریوں کو نشانہ بنانا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آج قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں طے پایا ہے کہ اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت پاکستان دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے مسلح افواج کو مکمل اختیار دیا ہے کہ وہ مناسب وقت، جگہ اور طریقے سے جواب دے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اعلامیے میں یہ بتایا گیا ہے کہ آخر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ قوم کو، افواج پاکستان پر اور افواج پاکستان کو اپنی بہادر قوم پر فخر ہے اور دونوں بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہماری امن کی شدید خواہش کو کبھی بھی کمزوری نہ سمجھا جائے، کیونکہ اپنے عوام کے تحفظ پر، اپنی زمین کے تحفظ پر افواج پاکستان کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتاہوں کہ کس طرح اس بھارتی جارحیت پر وہ یکجا ہو کر نکلی اور یک زبان ہو کر بولی اور کس طرح افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر اس کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ سب اپنے اردگرد، اپنے گلی محلوں میں، اپنے شہروں میں، اپنے گاؤں اس یگانگت کو، اس عزم اور اس غصے کو یقیناً محسوس کررہے ہوں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی غیور عوام کو پاکستان کی افواج یہ باور کروانا چاہتی ہے کہ معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا مکمل حساب لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔

بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے گرائے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا۔

بعد ازاں، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔
مزیدپڑھیں:چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی ائیر ہیڈکوارٹر آمد

متعلقہ مضامین

  • آزاد کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے
  • حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت
  • معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا مکمل حساب لیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر
  • چین کا پاکستان کے خلاف بھارتی کارروائی پر افسوس کا اظہار
  • مرید کے، الجہاد الجہاد کے نعروں میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ
  • بھارتی جارحیت کے خلاف قوم، حکومت اور افواج متحد ہیں: چوہدری شجاعت
  • مرید کے میں لشکر طیبہ اور بہاولپور میں جیش محمد کے مراکز کو نشانہ بناے کا بے بنیاد بھارتی دعویٰ
  • بھارت کے ساتھ تصادم ناگزیر ہوچکا، ہماری پوری تیاری ہے، خواجہ محمد آصف وزیر دفاع
  • پاکستان اپنی افواج کی قربانیوں کو فخر کے ساتھ تسلیم کرتا ہے، ڈاکٹر محمد فیصل