عید کے دوران ٹرانسپورٹ کرایوں کی شکایات کے ازالے کیلئے حکومت سندھ کا اہم اقدام
اشاعت کی تاریخ: 30th, May 2025 GMT
کراچی:
حکومت سندھ نے عیدالاضحیٰ کے دوران ٹرانسپورٹ کرایوں کی شکایات کے ازالے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی سندھ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اور ضلعی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے تمام افسران اور عملے کی تعطیلات منسوخ کردی ہیں۔
حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فیلڈ افسران کی جانب سے بروقت ردعمل نہ ملنے پرعوام ڈپٹی سیکریٹری ٹرانسپورٹ سے موبائل نمبر 0346-2522641 پر براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اضافی کرایوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام متعلقہ افسران عید کی چھٹیوں کے دوران اپنی ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر لاکھوں شہری سفر کرتے ہیں، ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم ان کی سہولت کو ترجیح دیں، متعلقہ افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں تاکہ عوام کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں کسی قسم کی زیادتی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ عید کے موقع پرعوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھائے، جو بھی پبلک ٹرانسپورٹ میں اضافی کرایہ وصول کرتا ہوا پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام سرکاری مقرر کردہ کرایوں سے زیادہ ادائیگی نہ کریں، اضافی کرایہ لینے والوں سے متعلق فوری طور افسران کو آگاہ کریں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور سعودی وزیر ٹرانسپورٹ انجینئر صالح بن ناصر الجاسر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔
وزیر مملکت کی انجینئر صالح بن ناصر الجاسر سے ملاقات کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔
وفاقی وزیر مواصلات نے پاکستان میں سڑکوں کے نیٹ ورک اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی اور کہا کہ اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ (ایس اڈی ایم اے) سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ایم۔6، 10 اور 13 اور ایم این جے سی منصوبے سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مواقع فراہم کرتے ہیں۔ مانسہرہ، ناران، جھال کنڈشاہراہ کا منصوبہ سیاحتی اعتبار سے ایک منافع بخش منصوبہ ہے۔ عبدالعلیم خان نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
دوسری جانب سعودی وزیر ٹرانسپورٹ نے عبدالعلیم خان کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے انتخابات میں پاکستان سے حمایت کی توقع ہے۔