ملکی بحران کا حل حکومت کی رخصتی میں ہے، محمود خان اچکزئی
اشاعت کی تاریخ: 13th, June 2025 GMT
کوئٹہ(نیوز ڈیسک)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور موجودہ حکومت کو گرانا اب ناگزیر ہوچکا ہے، ورنہ ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ جائے گا۔
کوئٹہ میں پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو اور سینٹرل کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان جب سے بنا ہے، مسلسل بحرانوں میں گھرا ہوا ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ 25 کروڑ عوام کا مینڈیٹ زر اور دہشت کے ذریعے چھینا گیا۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک میں عدلیہ کو بے اثر اور میڈیا کو پابندیوں میں جکڑ دیا گیا ہے جبکہ آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 45 فیصد سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور ریاست اربوں ڈالر کے قرض تلے دب چکی ہے۔
محمود خان اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ جن افراد کے وسائل ان کی آمدنی سے زیادہ ہیں ان کے اثاثے ضبط کیے جائیں اور قوم کو لوٹی گئی دولت واپس دلائی جائے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا زیادہ تر بجٹ قرضوں کی ادائیگی اور دفاع پر خرچ ہو رہا ہے۔
قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ان حالات کا مقابلہ صرف اجتماعی سیاسی جدوجہد سے ممکن ہے، انہوں نے شہباز شریف اور ان کی اتحادی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اقتدار سے الگ ہو جائیں تاکہ ملک کو بچایا جا سکے۔
ایران کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ایران ہمارا ہمسایہ ہے اور وہاں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ ہمارے لیے سبق ہے۔ ’اگر پاکستان کو کوئی نقصان ہوا تو اس کے ذمہ دار وہی قوتیں ہوں گی، جو موجودہ حکومت کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔‘
محمود خان اچکزئی کے مطابق اب بھی عدلیہ، میڈیا اور عوام میں ملک کو بچانے کی صلاحیت موجود ہے، بس اس کا درست استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی ایران میں موجود پاکستانی زائرین کی باحفاظت واپسی کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان
پڑھیں:
وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے پُرعزم ہے: شہباز شریف
— فائل فوٹووزیرِاعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر گلگت بلتستان کے عوام اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔
وزیرِاعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ یکم نومبر 1947 کو گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے جرات، اتحاد اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی فیصلہ کیا، یہ دن اس عظیم قربانی، عزم اور وطن سے محبت کی یاد دلاتا ہے جس نے خطے کی تاریخ بدل دی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے پُرعزم ہے۔ سیاحت، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور تعلیم کے شعبوں میں جاری منصوبے علاقے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ترقی کے تمام مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ قومی دھارے میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن تجدید کا پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنی آزادی، اتحاد اور ترقی کے سفر کو نئی توانائی اور جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ اللّٰہ تعالیٰ گلگت بلتستان اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔