بے شمار رنگوں کی حامل کہکشاں کی تفصیلی تصویر جاری
اشاعت کی تاریخ: 18th, June 2025 GMT
ماہرینِ فلکیات نے زمین سے 1 کروڑ 10 لاکھ نوری سال فاصلے پر موجود کہکشاں کی اب تک کی سب سے تفصیلی تصویر جاری کر دی۔
اس انتہائی تفصیلی تصویر میں ’اسکلپٹر کہکشاں‘ کے وہ حصے بھی دِکھائے گئے ہیں جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔
سائنس دانوں نے یورپین سدرن آبزرویٹری کی ویری لارج ٹیلی اسکوپ کو استعمال کرتے ہوئے یہ تصویر بنائی ہے جس میں بے شمار رنگ دِکھائے گئے ہیں۔
اس تصویر کو بنانے کے لیے سائنس دانوں نے کہکشاں کا 50 گھنٹے تک مشاہدہ کیا اور 100 ٹکڑوں کو جوڑا۔ تصویر میں دکھایا گیا رقبہ 65 ہزار نوری سال پر پھیلا ہوا ہے۔
اسکلپٹر گلیکسی، این جی سی 254 کے نام سے جانی جاتی ہے اور یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں مسلسل ستارے وجود میں آتے رہتے ہیں۔
اس نئی تصویر کی تفصیل میں کہکشاں میں موجود ستاروں، گیس اور گرد جیسی جزیات کو واضح دیکھا جا سکتا ہے اور ہر جز اپنی روشنی خارج کر رہا ہے جس سے اس کہکشاں کے مختلف رنگ دِکھ رہے ہیں۔ ان رنگوں سے سائنس دانوں کو یہ سمجھنے مدد مل سکتی ہے کہ کہکشاں میں کیا ہو رہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چینی لڑکی کی اردو زبان میں مہارت، تفصیلی کہانی پرسوں کے فیملی میگزین میں
لاہور (خاور عباس سندھو) کسی دوسرے خطے کی زبان سیکھ کر اس میں بولنے اور لکھنے کی مہارت حاصل کر کے شہرت حاصل کرنا اور پھر اسی مہارت کی بنیاد پر اپنے کام کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرا کے اپنی منفرد شناخت بنانا غیر معمولی کارنامہ ہے۔ ایسا ہی ایک کارنامہ پاکستان کے عظیم دوست اور برادر عوامی جمہوریہ چین کی عفت وانگ کے نام سے مشہور لڑکی نے انجام دیا ہے، جو چند سال پہلے پاکستان آئی اور اردو زبان پر عبور حاصل کیا اور پھر اردو زبان کی بنیاد پر اپنے کام میں انتھک محنت کر کے بین الاقوامی شہرت حاصل کی۔ اردو عفت کی اپنی زبان نہیں ہے لیکن ہونہار لڑکی نے نہ صرف یہ زبان سیکھ کر اسے پروان چڑھایا بلکہ پاکستان اور چین کے مابین زبان کی رکاوٹ کو دور کرتے ہوئے اردو کے ذریعے پاک چین تعلقات کو نئی جہت دی ۔چین کی دراز قد اور جاذب نظر شخصیت کی مالک یہ لڑکی چین کے ایک دور دراز گائوں میں پید اہوئی اور پھر کس طرح دونوں ممالک کے پاور کوریڈورز تک پہنچ گئی۔ اس حوالے سے عفت کی شاندار کامیابی سے مزین کہانی، ان کے فوٹو شوٹ کے ساتھ 3 اگست کے فیملی میگزین میں شائع کی جا رہی ہے۔ جس میں عفت وانگ کا اصل نام کیا ہے اور اسے جہد مسلسل میں کن مشکلات کا سامنا رہا اور پھر کس طرح دن کی سختی اور رات کا سکون قربان کرکے اپنی لگن سے قابل تقلید مثال قائم کی۔ تفصیل سے بتایا گیا ہے۔ عفت وانگ نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اردو کے سب سے پرانے اور بڑے اخبار کے فیملی میگزین میں اس کی کہانی شائع ہونا بڑے اعزاز کی بات ہے اور وہ اپنے پاکستانی دوستوں کی سپورٹ پر بیحد مشکور ہیں۔ اس سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کی بھرپور حوصلہ افزائی اور اعتماد پیدا ہو گا۔