کراچی، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، دو انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 23rd, June 2025 GMT
کراچی:
پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سعود آباد اور ایئر پورٹ کے قریب سے دو انتہائی مطلوب ملزمان، محمد شہاب خان عرف "کارا" اور منصور عالم عرف "چرکٹ" کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم (لندن) سے ہے اور وہ متعدد سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔
پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک آٹو رکشہ، دو موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔
ملزمان کا سابقہ ریکارڈ عادی جرائم پیشہ ہونے کی نشاندہی کرتا ہے، اور وہ ماضی میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں کئی مرتبہ گرفتار ہوچکے ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم منصور عالم نے اعتراف کیا کہ وہ سال 2011 میں سیاسی جماعت میں شامل ہوا تھا اور پارٹی کی سرگرمیوں میں مشغول رہا، جن میں وال چاکنگ، بینرز لگانا اور چندہ جمع کرنا شامل تھے۔
کراچی آپریشن کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے اس نے رکشہ چلانا شروع کیا اور اس کا استعمال گٹکا، ماوا اور منشیات کی ترسیل کے لیے کرتا رہا۔
دوسری جانب، ملزم محمد شہاب خان نے بتایا کہ وہ ایک نجی فیکٹری میں کنٹرول انچارج کے طور پر کام کرتا تھا اور پارٹ ٹائم اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ متعدد بار گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔
گرفتار ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں جیسے ملیر، شاہ فیصل کالونی، لانڈھی اور کورنگی میں متعدد اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کیں۔ ان کے خلاف تین نجی دودھ کی دکانوں پر ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ملزمان نے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں 4 لاکھ روپے اور 40 سے 50 موبائل فونز اسلحے کے زور پر لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔
گرفتار ملزمان محمد شہاب خان اور منصور عالم کو مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پاکستان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں اس طرح کے جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو وہ فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دیں۔ عوام کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راولپنڈی: پانی کی پائپ لائن چوری کرنے والے ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار
راولپنڈی میں پانی کی فراہمی کو متاثر کرنے والے پائپ چوروں کو واسا کی ٹیم نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
واسا راولپنڈی کے مینیجنگ ڈائریکٹر محمد سلیم اشرف کی ہدایت پر واسا کی مختلف ٹیموں نے کھنہ پل سے کرال چوک تک واسا کی مین لائن سے پائپ چوری کرنے والے ملزمان محمد عباس اور کباڑیہ ذر سید کو گرفتار کیا۔
محمد عباس گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف مقامات سے پائپ چوری کر رہا تھا، جس کی وجہ سے گلزار قائد، فیصل کالونی اور منگرال ٹاؤن میں پانی کی سپلائی متاثر ہوگئی تھی۔
شکایت ملنے پر ایم ڈی واسا نے فوری نوٹس لیا اور کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں، جنہوں نے چوروں کو موقع پر پکڑ لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews پائپ لائن چوری پانی راولپنڈی ملزمان گرفتار وی نیوز